اسلام آباد،لاہور،کراچی(نامہ نگار، نیوز ایجنسیاں، سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمداعظم خان نے ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 جنوری تک توسیع کر دی۔ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹرمفتاح اسماعیل سمیت تین ملزمان کی عدالتی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13جنوری کو دلائل طلب کر لئے ، عدالت نے قرار دیا آئندہ سماعت پرتمام ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کی جائیں گی جس کے بعد ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی، بیرسٹرظفراﷲ خان نے شاہد خاقان عباسی کے وکیل کے طور پر وکالت نامہ عدالت میں جمع کرا دیا۔احتساب عدالت لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کی سماعت 13جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے سعد رفیق کو قومی اسمبلی کے سیشن میں شرکت کی اجازت دے دی ،وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ عدالت میں پیش نہ ہوئے جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی یقین دہانی کرا دی ۔خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے قیصر امین بٹ کے بیان کی نقل فراہم کرنے کی استدعا کی جس پر عدالت نے بیان کی نقل فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔سعد رفیق نے عدالت کے روبرو بیان دیا جج صاحب رات کو میری بیرک میں آگ لگی جس سے زخمی ہوا،جیل حکام مجھے اسلام آباد لے کر جاتے اور شام کو واپس لے آتے ہیں، ہر اجلاس کے موقع پر10گھنٹوں کا سفر نہیں کرسکتا،اسلام آباد میں ہی سب جیل قرار دے کر مجھے وہیں رکھا جائے ،ذرائع کے مطابق سعد رفیق نے اڈیالہ جیل میں رکھنے کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا پارلیمنٹ لارجز کو سب جیل قرار دیا جائے ۔ا حتساب عدالت اسلام آبادکے جج محمد بشیر نے لیگی رہنما احسن اقبال کا7 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا ۔نیب پراسیکیوٹر نے احسن اقبال کے 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تو عدالت نے استفسار کیاآپ کو مزید ریمانڈ کیوں چاہیے ؟نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہمارے پاس احسن اقبال کیخلاف بے شمار شواہدہیں،ان کے اثاثوں کی بھی چھان بین کی جارہی ہے ،وائٹ کالر کرائم میں بااثر ملزمان کو گرفتار نہ کریں تو کوئی تعاون نہیں کرتا۔احسن اقبال کے وکیل بیرسٹر ظفراﷲ نے مزید جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کہا یہ صرف اور صرف سیاسی انتقام ہے ۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے پوچھا احسن اقبال کیس پر نیب ترمیمی آرڈیننس کا اطلاق ہوگا یا نہیں؟ ،پراسیکیوٹر نے بتایا کہ اطلاق نہیں ہوگا۔احسن اقبال نے بیان دیا میں نیب ترمیمی آرڈیننس کا فائدہ نہیں لینا چاہتا، جن لوگوں کو نوازنے کیلئے نیب ترمیمی آرڈیننس لایا گیا انہیں ہی فائدہ دیں۔نیب نے احتساب عدالت اسلام آباد میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کردیا ،تفتیشی افسر مستنصر حسین نے یونس قدوائی کے حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کیلئے مہلت دینے کی استدعا کی ،عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت21 جنوری تک ملتوی کردی،عدالت یونس قدوائی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کررکھے ہیں ۔ احتساب عدالت کراچی نے فضائیہ ہاؤسنگ سکیم سکینڈل میں گرفتار دو ملزمان کو دس روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا اورملزمان کے خلاف تحقیقات کی پیش رفت رپورٹ طلب کرلی،عدالت نے سکینڈل میں ملوث دیگر افراد کو بھی کال اپ نوٹس جاری کرنے کا حکم دیدیا۔احتساب عدالت لاہور نے شہباز شریف فیملی کیلئے منی لانڈرنگ کے الزام میں گرفتار تین ملزمان فضل داد عباسی، قاسم قیوم اور نثار احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کردی ، جج امیر محمد خان نے ملزم نثار احمد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14جبکہ دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20جنوری تک توسیع کردی ۔