فیصل آباد(این این آئی)سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں بے بنیاد الزامات لگائے ، ایسے الزامات لگانے سے پہلے انسان کو اپنے گریبان میں دیکھنا چاہئے ۔ فیصل آباد میں نجی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے میڈیکل کیمپ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ شاہد آفریدی نے بے بنیاد الزامات سے بھری کتاب لکھی ہے ، مجھ پر الزام لگایا گیا کہ سعید اجمل نے یونس خان کو چمپئن ٹرافی سے باہر نکالا جبکہ میں بالکل جونیئر ہونے کے ناطے کیسے ایک سینئر کھلاڑی کو ٹیم سے نکلوا سکتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر میں زیادہ تفصیل میں گیا تو لڑائی مزید بڑھ جائیگی، میں نے ہمیشہ سینئرز کی عزت کی ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کو جو تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہے وہ کر لینی چاہئیں، ورلڈ کپ جیتنے کیلئے بالنگ سکواڈ مضبوط ہونا چاہئے ،سلیکشن کمیٹی کو محمد عامر کو بھی منتخب کرنا چاہئے ۔