لاہور ( سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجازاحمدہاشمی نے جج ارشد ملک کی برطرفی کو میاں نواز شریف کی اخلاقی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف انتقامی مہم کے تحت چلائے گئے مقدمات واپس لے کر انہیں بری کیا جائے ۔ جبکہ منفی میڈیا ٹرائل کا بھی نوٹس لیا جانا چاہیے ۔ اگر عدلیہ بھی جابر حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کے دباو میں آ جائے تو قوم کی بڑی بدقسمتی ہوگی ۔ پاکستان کو صاف، شفاف، غیر جانبدار اور نڈر عدلیہ قوم کی ضرورت ہے ۔کارکنو ں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا کیس ابھی تک عدلیہ کے ماتھے پر بدنما داغ ہے ،جبکہ اسی طرح سے یہ تاثر سیاسی عوامی اور حلقوں میں پایا جاتا ہے کہ پہلے اسٹیبلشمنٹ صدر پاکستان کی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے بدنام زمانہ اختیارات کے ذریعے اپنی بالادستی قائم رکھتی تھی۔