اسلام آباد(خبر نگار)کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے انڈر ٹرائل قیدیوں کی رہائی اور ضمانتوں کے بارے میں اٹارنی جنرل نے تجاویز سپریم کورٹ میں جمع کرا دیں۔اٹارنی جنرل نے خواتین اور بچوں پر تشدد میں ملوث انڈر ٹرائل ملزمان کو ضمانت پر رہا نہ کرنے جبکہ جسمانی بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کی مشروط رہا ئی کی تجویزدی ہے ۔ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ ذہنی اور جسمانی بیماریوں میں مبتلا انڈر ٹرائل قیدیوں کو ضمانت پررہائی ملنی چاہیے اگر اُن کے جرم کی سزا تین سال سے کم ہے ۔ ایسے سزا یافتہ قیدی جو سزا پوری کر چکے ہیں لیکن جرمانہ ادا نہیں کر سکتے اُنہیں بھی رہا کر دینا چاہیے ۔ تجاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسی خواتین اور بچے جو 75 فیصد سزا مکمل کر چکے ہیں اُنہیں جیلوں سے رہا کر دیا جانا چاہیے ۔ دریں اثنا مقدمے میں فریق بننے کے لئے مرزا عمر اسد اللہ ایڈوکیٹ نے درخواست دائر کردی۔ادھر سپریم کورٹ نے پھلوں اور سبزیوں کی برآمد پر تین مہینے کیلئے پابندی عائد کرنے کی پٹیشن اعتراضات لگا کر واپس کر دی ۔اعتراضات میں کہا گیا ہے کہ درخواست مبہم اور ناقابل فہم ہے ۔