اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ سنا ہے خواجہ آصف وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، شہباز شریف اور خواجہ آصف پارٹی کا سربراہ بننے کے لئے آپس میں ٹاس کرالیں، ملک کی ترقی کیلئے اپوزیشن اور حکومت کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ سنٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام قومی سلامتی اور ہائبرڈ جنگ کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب میں فواد چوہدری نے کہا کہ قومیں ایک ہی شعبے میں ترقی کر کے سپر پاور نہیں بن سکتیں ،جس نے آگے بڑھنا ہے اسے تمام شعبوں میں صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہوگا،حکمران آکسفورڈ اور کیمبریج جیسی یونیورسٹیاں نہیں بنا سکے جسکی وجہ سے ہم پیچھے رہ گئے ۔ آج پاکستان جے ایف تھنڈر تو بنا سکتا مگر ٹی وی نہیں بنا سکتا ، ہمیں نئی نسل میں ٹیکنالوجی کو عام کرنا ہے ۔ 5 جی ٹیکنالوجی سے ملک میں نیا انقلاب آئے گا، بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قومی اسمبلی میں لائے جانے بل اپوزیشن نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، ہم انکے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن اور نیب قوانین پر بھی ہمارے اپوزیشن سے معاملات اچھی سمت میں چل رہے ہیں۔ اسوقت ملک کو استحکام کی ضرورت ہے ۔قبل ازیں سکیورٹی اور سائبر وارفیئر کے موضوع پر مباحثہ کرایا گیا جس میں سابق ڈی جی ایف آئی اے عمار جعفری، تجزیہ کار جنرل (ر) خالد نعیم لودھی، ڈی جی ایس ٹی آئی مختار پارس، ڈاکٹر خرم خورشید اور ڈی جی ایچ ای سی نے حصہ لیا۔