کراچی،اسلام آباد(نیٹ نیوز،صباح نیوز) سابق صدرآصف زرداری کا کہنا ہے شدید بیماری کے باعث احتساب عدالت پیش نہیں ہوسکتا۔توشہ خانہ ریفرنس میں شریک چیئرمین پی پی نے ویڈیولنک پرحاضری لگانے کی درخواست میں کہا احتساب عدالت نے عدم حاضری پروارنٹ گرفتاری جاری کررکھے ہیں، شدید بیمارہوں اس لیے عدالت پیش نہیں ہوسکتا،وارنٹ کی تعمیل کے لیے ضمانتی مچلکوں کا بھی انتظام کرلیا ہے ۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہامیرے موکل پر وکیل کی عدم موجودگی میں فردجرم عائد کی گئی، عدالت کو دو تین دن کی مہلت دینی چاہئے تھی،آصف زرداری سے مشورے کے بعد اسے چیلنج کرنے کا فیصلہ کریں گے ، آصف زرداری کی صحت پہلے سے بہتر ہے ،وہ دل کے مریض بھی ہیں، 65 سال کی عمر میں جسم میں مدافعت بھی کم ہوجاتی ہے ،ان کی صحت عدالت میں پیش ہونے کی اجازت نہیں دیتی ،کورونا کے پیش نظر عدالتوں میں آنے والے احتیاط نہیں کرتے ، سماجی فاصلہ بھی نہیں ہے ۔