پشاور(ذیشان کاکاخیل)جیمز اینڈ جیولری ٹریننگ سنٹر پشاور شدید مالی بحران کا شکار ہوگیا ہے ، کرایہ ادا نہ کرنے پر عمارت کو تالے لگا دیئے گئے ہیں ، گزشتہ 5 ماہ سے ملازمین کو تنخواہیں ،بلڈنگ کا کرایہ ، بجلی اور دوسرے بل ادا نہ کرنے پر سنٹر کوبند کر دیا گیا ہے ،2011ء میں وفاقی حکومت نے اس سنٹر کوقائم کیا تھا جس کا مقصد صوبے میں قیمتی پتھروں کی تلاش ، تراش خراش ،کاروباری حضرات کو جیمز کے کاروبار کی طرف راغب کرنے اور صوبے کے نوجوانوں کو تربیت دینا تھا، سنٹر میں ہر سال 400سے زائد طلبہ تربیت حاصل کر تے تھے ،ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت سنٹر کو فنڈز کی عدم دستیابی کا بہانہ بناکر بند کرنا چاہتی ہے جبکہ سنٹربند رہنے سے ماہانہ 10لاکھ روپے کا بوجھ قومی خزانے پر پڑ رہا ہے ۔روزنامہ 92نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق 2ماہ قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سنٹرصوبے کے حوالے کرنے کیلئے وفاق کو خط بھی لکھا تھا ،جس کا تاحال جواب نہیں دیا گیا۔