اسلام آباد ،سرگودھا،خوشاب، جوہرآباد،چکوال،تلہ گنگ (سپیشل رپورٹر،وقائع نگار، خبرنگار، سٹی رپورٹر،نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندہ92نیوز، 92 نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں ) وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز مختلف سرکاری ہسپتالوں کے بغیرپروٹوکول اچانک دورے کیے اورمریضوں کو دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ ناقص انتظامات اور ناکافی سہولیات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم کے سرگودھا ، خوشاب اور تلہ گنگ میں ہسپتالوں کے اچانک دوروں پرانتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں ۔وزیراعظم نے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں ایمرجنسی کے علاوہ وارڈز کا بھی دورہ کیا اورمریضوں سے خیریت دریافت کی ۔ وزیراعظم نے ایک بیڈ پر چارچار بچوں کو دیکھ کر شدید برہمی کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم نے ایمرجنسی اور چلڈرن وارڈ میں سہولیات کی عدم فراہمی پر اظہار برہمی کیا۔مریض ادویات کی عدم فراہمی ، ڈاکٹروں کے رویے ، ہسپتال سے غائب رہنے و دیگر شکایات پر وزیر اعظم کے سامنے پھٹ پڑے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو فون کر کے ہسپتال میں سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کی مکمل مانیٹرنگ کروں گا، اچانک چھاپوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔وہاں موجود شہریوں نے عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے پورٹل پر سینکڑوں شکایات ملنے پر اچانک چھاپہ مارنے کا فیصلہ کیا ۔ وزیراعظم ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہر آبادبھی گئے اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کی رُکن جویریہ ظفر آہیر اور پنجاب اسمبلی کی رُکن ساجدہ بیگم نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال تلہ گنگ کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں سے علاج معالجہ کیلئے دی گئی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی ۔وزیراعظم نے کہا ہسپتال میں ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے گا اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔بعد ازاں وزیر اعظم تھانہ سٹی تلہ گنگ پہنچے اور حوالات میں بند قیدیوں سے گفتگو کی ۔ وزیر اعظم نے تھانہ کا ریکارڈ بھی چیک کیااور تھانے کے احاطہ میں عرصہ دراز سے کھڑی گاڑیوں کی بابت بھی دریافت کیا ۔وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا نئے پاکستان میں تھانہ تحفظ کی علامت ہونا چاہئے نہ کہ خوف و ہراس کی علامت ہو ۔ نیا پاکستان تب بنے گا جب تھانے کا خوف مجرموں کو ہوگا اور لوگ سمجھیں انہیں تھانوں میں تحفظ ملے گا۔وزیر اعظم کے پوچھنے پر پولیس اہلکاروں نے اپنی مشکلات سے آگاہ کیا۔وزیراعظم کے ساتھ ان کا سٹاف،مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور سینیٹر فیصل جاوید بھی تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم نے اپنے سرپرائز دوروں سے متعلق میڈیا ٹیم کو پیشگی خبر چلانے سے منع کیا تھا ۔سینیٹر فیصل جاوید نے وزیر اعظم کے مختلف شہروں میں ہسپتالوں،تھانوں کے اچانک دوروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاوزیر اعظم نے اچانک دوروں کا آغاز کر دیا۔گزشتہ روز3 مختلف اضلاع میں ہسپتالوں اور تھانے کا دورہ کیا۔وزیر اعظم کے اچانک دوروں کا مقصد انتظامات کو جائزہ لینا ہے ۔ وزیر اعظم عوام کیلئے سہولیات کے فراہمی پر کڑی نظر رکھنا چاہتے ہیں۔ انتظامیہ الرٹ رہے وزیر اعظم کبھی بھی آ سکتے ہیں،یہ احساس عوام کا ہے ۔