لاہور،اسلام آباد،ڈھاکہ(کلچرل رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوز،صباح نیوز)’’سوہنی دھرتی اﷲ رکھے ‘‘ اور’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ جیسے شہرہ آفاق ملی نغمے گانے والی مقبول ترین گلوکارہ شہناز بیگم 67 سال کی عمر میں ڈھاکہ میں انتقال کرگئیں۔اطاعات کے مطابق گلوکارہ شہناز بیگم کا انتقال ہفتے کی رات ڈھاکہ کے علاقہ باریدھارہ میں گھر پر دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔ شہناز بیگم نے سوگواران میں شوہر، ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں، انکی بیٹی برطانیہ جبکہ بیٹا کینیڈا میں رہائش پزیر ہے ۔ 2 جنوری 1952 کو ڈھاکہ میں پیدا ہونیوالی شہناز بیگم نے بنگلہ دیش اور پاکستانی فلموں کیلئے بھی کئی گانے گائے ،بچپن سے ہی گلو کاری شروع کر دی تھی اور صرف 11برس کی عمر میں پہلا گاناپلے بیک سنگر کی حیثیت سے گایا تھا۔ سقوط ڈھاکہ کے بعد شہناز بیگم نے بنگلہ دیش ہی میں سکونت اختیار کرلی تھی، تاہم وہ پاکستان اوربنگلہ دیشن دونوں ممالک میں یکساں مقبول تھیں، انکے گائے ہوئے ملی نغمے ’’سوہنی دھرتی اﷲ رکھے ‘‘اور’’جیوے جیوے پاکستان‘‘ کئی دہائیاں گزرنے کے بعد بھی مقبول عام ہیں۔شہناز بیگم نے 2010 میں عمرے کی ادائیگی کے بعد ڈھاکہ واپسی پر اپنا گھر بیچ کر رقم غریبوں میں بانٹ دی تھی جبکہ گلوکاری کوخیربادکہہ دیا تھا۔شہناز بیگم کا گایا ہوا مقبول ترین ملہ نغمہ ’’سوہنی دھرتی اﷲ رکھے ، قدم قدم آباد تجھے ‘‘ جمیل الدین عالی نے لکھا تھا جبکہ اسکی موسیقی سہیل رانا نے ترتیب دی تھی۔ شہناز بیگم کو انکی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں کئی اعزازات سے نوازا جاچکا ہے ۔ترجمان دفتر خارجہ پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اوردیگرنے شہناز بیگم کے انتقال پر گہرے دکھ ،دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔گزشتہ روز اپنے ٹویٹ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ شہناز بیگم اعلیٰ پائے کی گلوکارہ تھیں جنہوں نے نغمہ ’’سوہنی دھرتی اﷲ رکھے ‘‘ گایاجو آج تک ہمارے دل و دماغ میں گونجتا ہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات فوادچودھری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سوہنی دھرتی اﷲ رکھے اور جیوے جیوے پاکستان ہمارے قومی ورثے کا بیش قیمت خزانہ اور قوم کی آواز بن چکے ہیں۔ اﷲ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر دے ۔