کراچی(سٹاف رپورٹر)ضیاء الدین ہسپتال کراچی سے شراب برآمدگی کے مقدمے کاچالان عدالت میں جمع کرادیاگیا ہے ،چالان میں شرجیل انعام میمن شریکِ ملزم قراردیاگیاہے ۔ عدالت نے شرجیل میمن کوجیل سے 2اکتوبرکوطلب کرلیاہے ۔منگل کوشراب برآمدگی کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی، اس موقع پرجیل میں قید شرجیل میمن کوپیش نہیں کیاگیا جبکہ ضمانت پررہاملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔چالان کے مطابق کمرے کی تلاشی میں3بوتلیں ملیں جن میں ایک بوتل میں2انچ شراب کی موجودگی کاانکشاف ہوا،سی سی ٹی وی فوٹیج میں نامزدملزمان کی مشکوک سرگرمیاں نظرآئیں،ملزم شکردین،مشتاق علی اورمحمد جام نے مال مقدمہ میں ردوبدل کااعتراف کیا۔ملزم شکردین نے اعتراف کیاکہ شراب کی بوتلیں اس نے ڈسٹ بن میں پھینکیں،سی سی ٹی وی کے مطابق ملزموں نے جان بوجھ کرشہادتیں ضائع کیں،ایک پیکٹ پیک اور ایک کھلا ہواسگریٹ کاپیکٹ برآمدہوا،مقدمے میں15گواہان کے نام شامل ہیں،مقدمے میں شرجیل انعام میمن کو گرفتار ظاہر کیا گیاہے ،چالان میں شکر دین،مشتاق علی اور محمدجام ضمانت پررہاہیں جبکہ مفرورملزموں میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل نسیم احمدشجرہ اور حبیب اﷲ اہلکار کورٹ پولیس اہلکارشامل ہیں ۔