لاہور(92نامہ نگار خصوصی،نیوزرپورٹ)نیب لاہور نے نجی ہوٹل کو مبینہ غیر قانونی طور پر شراب لائسنس اجرا کے کیس میں سابق ڈی جی ایکسائز اکرم اشرف گوندل کو گرفتار کر لیا۔ نیب لاہور نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران و اہلکاران اور نجی ہوٹل کی انتظامیہ کیخلاف مبینہ غیر قانونی طور پر شراب لائسنس کیٹگری ایل 2- کے اجراء و حصول کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کیا ،دورانِ تحقیقات انکشاف ہوا کہ نجی ہوٹل شراب لائسنس کے حصول کیلئے درکار قانونی معیار4\5 سٹا رریٹینگ کا حامل نہ تھا اور ہوٹل نے پنجاب ٹورسٹ سروسز ڈیپارٹمنٹ سے 4\5 سٹا ر رینٹنگ سرٹیفیکیٹ بھی حاصل نہ کیا گیا۔ سابق ڈی جی ایکسائز نے شراب لائسنس کے اجراء کیلئے دیگر ضروری اقدامات کو بھی مد نظر نہ رکھا اگرچہ ملزم نے بطور ڈی جی ایکسائز قانون کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اور دیگر قانونی مندرجات کو مدنظر رکھے بغیر نجی ہوٹل کو L-2کیٹگری لائسنس کے اجراء میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ملزم نے مبینہ طور پر نجی ہوٹل کو فائدہ پہنچانے کیلئے اپنے ایکسائز ٹیکسیشن آفیسر کے ذریعے دیگر مختلف اداروں سے غیر قانونی لائسنس کے اجراء کیلئے این او سی حاصل کیا اوراہلیت نہ ہونے کے باوجودنجی ہوٹل کیلئے L-2کیٹگری کے شراب لائسنس کے اجراء کیلئے قانونی طریقہ کار میں انتہائی چالاکی کے ساتھ رد و بدل بھی کیا ۔،سابق ڈی جی ایکسائزکو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے کل احتساب عدالت لاہورمیں پیش کیا جائیگا۔اکرم اشرف گوندل متعددبار نیب میں پیش ہوئے اورنیب کی مشترکہ ٹیم نے ان سے تحقیقات کیں،ذرائع کے مطابق نیب کی مشترکہ ٹیم ان کے جوابات سے مطمئن نہیں ہوئی،کیس میں وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکرٹری راحیل صدیقی بھی نیب میں پیش ہوتے رہے ہیں،سابق ڈی جی ایکسائز پر سات کروڑ روپے رشوت لینے کا بھی الزام تھا۔