لاہور،رحیم یارخان ،راجن پور، روجھان (خصوصی نمائندہ،خصوصی رپورٹر، نمائندگان) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہر شہرصورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں،کورونا ہو یا ٹڈی دل، عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز رحیم یارخان ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے د وران کیا ۔وزیراعلیٰ نے روجھان،گڑھی چاکر،میرپورماتھیلوکا بھی دورہ کیا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کورونا اور ٹڈی دل پر قابو پانے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کاجائزہ اوربریفنگ لی گئی اور اس ضمن میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ٹڈی دل پر کنٹرول کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات بروئے کارلائے جائیں اور کسانوں کی فصلوں کو نقصان سے بچایاجائے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کاحکم د یتے ہوئے کہاکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام کو کورونا سے بچانے کے لئے ہر ممکن انتظامی اقدام اٹھائیں گے ۔ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مارکیٹوں اور بازاروں کو سیل کردیاجائے گا۔ اجلاس میں ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ کے مرحوم والد اور عامر نواز چانڈیہ کے بیٹے کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اس سے قبل ایئرپورٹ پر ایم پی اے چودھری آصف مجیدنے ملاقات کی۔ بعدازاں وزیراعلی ضلع راجن پورکی تحصیل روجھان پہنچے اور سابق ایم پی اے مقتول سردار عاطف مزاری کے بھائی سردار شمشیر علی مزاری کی رہائش گاہ پر گئے اورمقتول سردار عاطف مزاری کے خاندان سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے فاتحہ خوانی کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے صوبہ سندھ کے علاقے گڑھی چاکر،میر پورماتھیلو پہنچے اور سردار رحیم بخش بزدار کی رہائش گاہ پر گئے اوران کی والدہ محترمہ کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور دکھ کااظہارکیا اور مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے گڑھی چاکر میں قبائلی عمائدین اورمعززین علاقہ نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے قبائلی عمائدین اور معززین علاقہ کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں صوبائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے پہلے بلوچستان گیا،آج سندھ آیا ہوں ۔سندھ کے عوام کے لئے بھائی چارے ، محبت، یگانگت اور اتحاد کا پیغام لیکر آیا ہوں ۔صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے خیبر پختونخوا بھی جاؤں گا ۔بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی ہوگی۔جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف علماء و مشائخ ونگ کے رہنما ڈاکٹر مختار کے انتقال پر بھی سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ایصال ثواب کیلئے دعا کی اورکورونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے سروسز ہسپتال کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر حافظ مقصودکی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی آلودگی سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ماحولیاتی آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے لئے ایک چیلنج ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پنجاب اسمبلی پریس گیلری کمیٹی کے انتخابات میں کامیابی پر نومنتخب صدرایاز شجاع اور سیکرٹری شہزاد ملک کو مبارکباد دی۔