لاہور/کراچی (سٹاف رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت میں شدید حبس کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوگیا اس کے نتیجے میں شارٹ فال مزید بڑھ گیا ۔ شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی۔جس کا زیادہ بوجھ دیہی علاقوں پر ڈالا گیا ۔گزشتہ روز شہروں میں 12گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 16سے 17گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی ۔دریں اثناء لاور ہمیں گزشتہ روز موسم جزوی ابر آلودرہا ، کئی مقامات پربارش بھی ہوئی ، مال روڈ کے علاقہ میں ہونے والی شدید بارش کا پانی سپریم کورٹ رجسٹری کے احاطہ میں پانی جمع ہو گیا جس سے سائلین، پولیس اور وکلا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ سائلین جوتے اتار کر احاطہ عبور کرتے ہوئے عدالت میں پیش ہوئے ۔ بارش کے باعث بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوگیا ، لیسکو کے 42سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے اور ان فیڈرز سے متعلقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ بند ہو گیا جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا ،کراچی میں بھی ہلکی بارش سے موسم سہانا ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج اتوار کے روزملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا۔ لاہور میں آج بھی مو سم جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا بھی امکان ہے ۔ بارش /موسم