لاہور(حافظ فیض احمد)محکمہ اینٹی کرپشن لاہورریجن کی بڑی کارروائی ،جعلی دستاویزات تیار کرکے شہری کی کروڑوں روپے مالیت کی اراضی ہتھیانے کے الزام میں امریکہ سے واپس آنے والے بااثر ملزمان احمد اور الیاس کو لاہور پہنچتے ہی گرفتار کرکے کارروائی شروع کردی ہے ۔دورا ن گرفتاری ملزمان نے اینٹی کرپشن کی ٹیم پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے لگے اور کہا وہ جانتے نہیں کہ وہ کون ہیں؟اور مزاحمت کی کوشش بھی کی جس پر اینٹی کرپشن چھاپہ مارٹیم کے سربراہ عابد صدیقی نے ملزمان کی کوشش ناکام بنادی اور انہیں گرفتار کرکے مقامی تھانے کی حوالات میں بند کرادیا جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے ڈی جی ایٹنی کرپشن پنجاب گوہر نفیس اور ڈائریکٹر اینٹی کرپشن لاہور ریجن ڈاکٹر احمد افنان کو بھی آگاہ کردیا گیا ۔ ملزمان نے سال 2016ء میں ایک شہری ملک شاہد کی 40کروڑ روپے سے زائد کی مالیت کی اراضی کی جعلی دستاویزات تیار کرائی جس میں حلقہ پٹواری اور سب رجسٹرار کی ملی بھگت بھی شامل تھی۔ملزمان نے اپنا اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے اراضی اپنے نام کرالی۔جب اس بات کا علم مذکورہ شہری ملک شاہد کو ہوا تو اس نے ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو درخواست دیدی۔اینٹی کرپشن حکام نے انکوائری مکمل کرتے ہوئے ملزمان احمد اور الیاس سمیت حلقہ پٹواری اور سب رجسٹرار کے خلاف مقدمہ نمبر 4/16درج کرلیا۔اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے گئے جس کے بعد ملزم گرفتار ی سے بچنے کے لئے امریکہ فرار ہوگئے ۔اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اینٹی کرپشن حکام کو اطلاع ملی کہ ملزمان امریکہ سے واپس پاکستان پہنچ چکے ہیں جس پر چھاپہ مار ٹیم نے پوش علاقوں میں چھاپے مار کر دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔