ملک بھر میں گزشتہ روزپلانٹ فار پاکستان ڈے منایا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اس دن ہر شہری سے کم از کم 2پودے لگانے کی اپیل کر رکھی تھی۔ حکومت کی طرف سے ملک بھر میں 3کروڑ پودے مفت تقسیم کئے گئے۔ درخت اور پودے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہیں، یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ خارج کر کے آکسیجن اپنے اندر جذب کرتے ہیں جو ہماری زندگی کے لئے انتہائی اہم ہے۔ جبکہ درخت لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام میں بھی اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ بڑے شہروں میں درجہ حرارت کی بڑی وجہ درختوں کا نہ ہونا ہے۔ اس وقت عالمی درجہ حرارت میں خطرناک حد تک اضافہ درختوں کی کٹائی اور شہری علاقوں میں صنعتوں کا پھیلائو اور گاڑیوں کا دھواں ہے۔ اگر ہم درختوں کی حفاظت اور ان کی تعداد میں اضافہ کریں تو موسمی تبدیلی کے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔ ہمارے ملک میں جنگلات کے کٹائو کے باعث موسم بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے۔ اگر ہم نے اس کا سدباب نہ کیا تو پھر آنے والے وقت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے ہر شہری وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر دو دو درخت لگائے تاکہ ماحولیات کو بہتر بنایا جا سکے۔ ایسے درخت لگائیں جو نہ صرف ماحول کو بہتر رکھیں بلکہ مستقبل میں بھی جن سے فائدہ اٹھایا جا سکے، جو درجہ حرارت کو معتدل رکھنے کے ساتھ ساتھ بارش، آکسیجن کا موجب بننے، سیلابی اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کا سبب بنیں۔