لاہور،کراچی (اپنے نیوز رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں)نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے بعد شریف فیملی کے دیگرافرادکے نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے سفارش کردی،نیب نے سفارش کی کہ نوازشریف ،شہباز شریف،حمزہ شہباز،یوسف عباس اورعبدالعزیزعباس کے نام بھی ای سی ایل میں ڈالے جائیں،نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے وزارت داخلہ نیب کی درخواست کابینہ کی ذیلی کمیٹی کو بھجوائے گی۔دوسری جانب نیب نے زرداری گروپ آف کمپنیز کیخلاف تحقیقات تیزکردیں، کراچی میں بلاول ہاؤس کے اطراف اربوں کی جائیداد کی خریداری پرمزید 7 افراد کے بیانات ریکارڈ کرلئے گئے ،تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چیئرمین نیب کی اجازت سے ریفرنس دائر کیا جائے گا،ذرائع کے مطابق نیب نے خورشید شاہ کے مبینہ فرنٹ مین پہلاج مل کے بیٹے دیا رام کو بھی طلب کیا تھا اوراب تک 50 سے زائد افراد کے بیانات ریکارڈ کئے جا چکے ہیں، کے ڈی اے اور ماسٹر پلان ڈپارٹمنٹ کے افسران پہلے ہی بیان ریکارڈ کرا چکے ۔نیب ذرائع کے مطابق زرداری گروپ نے فرنٹ مینوں کے ذریعے پلاٹوں کی خریداری کی اور بعد میں تمام جائیدادکمپنی کو فروخت کردی،نیب ٹیم نے 42 بنگلوں کی خریداری سے متعلق پہلی رپورٹ بھی چئیرمین کو ارسال کر دی۔ادھر نیب لاہور نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اﷲ کوآمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات میں 3فروری کوپھر طلب کر لیا ۔نیب کی جانب سے انہیں سوالنامے کی مکمل تفصیلات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق رانا ثنا اﷲ سے کمرشل اور رہائشی پراپرٹیز ،گاڑیوں، بینک اکائونٹس اور پرائز بانڈز کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے راناثناء اللہ کے خلاف نیب کو اہم ثبوت بھی مل گئے ہیں،نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راناثناء اللہ سے تحقیقات کرے گی،رانا ثناء اللہ دو مرتبہ پہلے بھی نیب لاہور میں پیش ہو چکے ہیں۔