اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے شریف خاندان ہمیشہ بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کرتا ہے ۔ شہباز شریف حکومت پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے کیسز کا سامنا کریں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا حکومت نے تمام ڈاکٹرز کو حفاظتی آلات مہیا کئے ، اپوزیشن ڈاکٹرز کے استعفوں کا معاملہ بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے ، اصل میں ایڈہاک ڈاکٹرز نے اپنی ایڈہاک مدت ملازمت پوری ہونے پر معمول کے مطابق استعفی دیئے ۔ شہباز شریف اپنے ٹویٹس کے ذریعے غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ شہباز شریف کورونا کیخلاف لڑنے آئے تھے اور اسی کورونا کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ شریف خاندان ہمیشہ بیماری کو سیاست کیلئے استعمال کرتا ہے ۔ بڑا بھائی جھوٹی پلیٹوں پر لندن بیٹھا ہے اور چھوٹا بھائی کورونا کے پیچھے چھپا بیٹھا ہوا ہے ۔