کوئٹہ(سٹاف رپورٹر،صباح نیوز، آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی مختصر دورہ پر کوئٹہ پہنچے گورنر بلوچستان، وزیراعلی بلوچستان، صوبائی وزرا، آئی جی پولیس اور دیگر حکام نے صدر کا استقبال کیا، بعدازاں صدر مملکت سے گورنر اور وزیراعلی ٰنے گورنر ہائوس میں ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں سکیورٹی کی صورتحال اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی ٰنے صدر مملکت کو صوبے میں امن وامان کی بہتری اوردہشت گردی کے خاتمے کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔صدر مملکت گورنر، وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہزارہ ٹائون میں امام بارگاہ پہنچے ، جہاں انہوں نے ہزارگنجی بم دھماکے کے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ اور زخمیوں کی مزاج پرسی کی۔متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت کا کہنا تھا کہ شہداکے لواحقین کے لئے معاوضے کااعلان کیاگیاہے جو وقتی مسائل کا حل ہے لیکن انسانی جانوں کو نعم البدل نہیں۔ انہوں ہزارہ برادری کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے رات کو پیغام بھیجا کہ میں آج ہر صورت یہاں پہنچوں، وزیر اعظم خود بھی یہاں ضرور آئیں گے ، لواحقین کے ساتھ احساسِ ہمدردی کرتا ہوں اور دعا ہے کہ اﷲ ان کو صبر عطا کرے ۔صدر مملکت عارف علو ی نے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں نفرتیں پیدا کی جاتی ہیں وہاں تباہی جنم لے لیتی ہے اور پاکستان کا آئین ہر انسان بشمول اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے اور ہم مسلمان ہیں ہمیں ایک دوسرے کے تحفظ کے لیے کام کرنا چاہیے ،شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے جس بارے میں حکمرانوں سے آخرت میں سوال بھی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن کے قیام پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے وفاق صوبائی حکومت کے ساتھ ہے ، دوبارہ ایسا واقعہ نہ ہو اس کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر مزید کام کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو شہداء کے لواحقین کے لئے حکومتی پالیسی کے مطابق مالی معاونت کے کیسز جلد ازجلد نمٹانے کی ہدایت کی ۔صدر مملکت ایف سی ہسپتال بھی گئے جہاں انہوں نے بم دھماکے کے زخمی ایف سی اہلکاروں کی عیادت کی، انہوں نے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کا قیام سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کی بدولت ہی ممکن ہوا ہے جو نہایت جرا ت اور بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ صدر مملکت سہ پہر کو اسلام آباد چلے گئے ، گورنر وزیراعلی ٰاورصوبائی وزرائے نے صدر مملکت کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔