لندن(نیٹ نیوز) دنیا سعودی عرب کے متنازع ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے بارے میں اقتدار پر عملی گرفت مضبوط ہونے تک کچھ زیادہ نہیں جانتی تھی، راشد سِکئی نے شہزادہ محمد کو بچپن میں تعلیم دی تھی، اس حوالے سے 1996 میں جدہ کے الانجال سکول کے استاد راشد نے شاہی زندگی کے بارے میں انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ریاض کے گورنر شہزادہ سلمان جو اب سعودی عرب کے حکمران ہیں کو اپنے بچوں کو انگریزی پڑھانے کیلئے ٹیچر کی ضرورت تھی جس پر میری خدمات لی گئیں، میں محل میں جاکر شہزادہ محمد اور ان کے بھائیوں کو پڑھاتا، محمد اپنی پڑھائی کی بجائے عموماً محل کے محافظوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارتا تھا، اپنے بھائیوں میں سب سے بڑا ہونے کی وجہ سے اسے بظاہر اپنی من مانی کرنے کی اجازت تھی، اس سے چھوٹے شہزادوں کو میں اسی وقت تک کنٹرول کر پاتا تھا جب تک محمد بن سلمان وہاں نہیں ہوتا تھا، مجھے یاد ہے کہ جب ہم پڑھ رہے ہوتے تو وہ اس وقت واکی ٹاکی استعمال کر رہا ہوتا تھا جو وہ اپنے گارڈز سے لے آیا کرتا تھا۔ وہ اس واکی ٹاکی پر میرے بارے میں شوخ اور گستاخ فقرے کہتا تھا اور اپنے بھائیوں اور گارڈز کے بارے میں لطیفے بیان کرتا تھا۔ کچھ ہی عرصہ کے بعد میں محمد اور اس کے چھوٹے بھائیوں کو پسند کرنے لگ گیا۔ اگرچہ میں ان شہزادوں کو ایک بہترین ماحول میں پڑھاتا تھا اور میرے شاگرد میرے دوسرے شاگردوں کی طرح ہی پڑھنے کی جستجو رکھتے تھے لیکن انھوں کھیل کود کا شوق ذرا زیادہ تھا۔