نیویارک سٹی(نیٹ نیوز) سعودی ولی عہدشہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے گزشتہ سال 450 ملین ڈالر میں خریدی گئی معروف مصور لیونارڈو ڈا ونچی کی حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر مبنی شہرہ آفاق پینٹنگ کے جعلی ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔سلویٹر مندی نامی پینٹنگ 1500 عیسوی میں لیونارڈو ڈا ونچی کا عظیم شاہکار تھی،پینٹنگ کو 2017ء میں بحال کرکے نیلام کیا گیا اور یہ اب تک فروخت ہونے والی سب سے مہنگی پینٹنگ ہے جس کے خریدار کا نام صیغہ راز میں رکھا گیا تاہم کہا جاتا ہے کہ اسے سعودی شہزادے بدر بن عبداﷲ نے اپنے ولی عہد کے لیے خریدا۔لیونارڈو ڈا وانچی پر کام کرنے والے محقق بین لیوائس نے بھی دعویٰ کیا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے قطر کے ولی عہد کی جانب سے پینٹنگ خریدنے میں دلچسپی لینے پر اتنی خطیر رقم کے عوض یہ شاہکار خریدا تاہم انہوں نے پینٹنگ کے غیر مصدقہ ہونے کا بھی انکشاف کیا۔ پینٹنگ اس وقت سوئٹزرلینڈ میں محفوظ ہے اور جلد ابوظہبی میں رونمائی کے لیے پیش کی جائے گی۔