لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حمیدنے کہا کہ اس وقت شعبہ صحت میں سب سے بڑی خرابی ہیومن ریسورس کی ہے ڈاکٹرزیادہ اورنرسیں کم ہیں ہم نے خرابی کو جڑ سے درست کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پروگرام’’ دی لاسٹ آور‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نرسنگ یونیورسٹی بنانے کیلئے کام ہورہاہے پہلے سال میں ہم نرسوں کی تعداد ڈبل کرنے جارہے ہیں، پاکستان میں پہلی بار نرسنگ کے حوالے سے سمٹ ہوئی ، آہستہ آہستہ شعبہ صحت میں بہتری آئے گی ۔ تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کیاایمرجنسی میں میڈیسن دینے کیلئے بھی سوسال کی پالیسی کی ضرورت ہے چھ ماہ پہلے بھی ہسپتالوں میں یہی نرسنگ سٹاف تھا اورکام چل رہا تھا،میں یہ نہیں کہہ رہا کہ 70سال کا گند ایک دو سال میں ختم ہوجائے گا ایسا نہیں ہوگا لیکن عمران خان کی ٹیم درست انداز میں کام نہیں کررہی ، عمران خان کو بہت اچھی طرح سے جانتا ہوں لیکن ان کی ٹیم انتہائی نااہل ہے ،صرف ایک ایم ایس اورسیکرٹری صحت میرٹ پر لگائیں پھر دیکھتے ہیں کہ کیسے کام نہیں ہوتا ۔سینئر صحافی کامران خان نے کہا عمران خان صحت اورتعلیم کے شعبوں میں سمجھوتہ نہیں کرینگے وہ سرکاری ہسپتالوں کے دورے کررہے ہیں،جعلی ڈگریوں والے پائلٹ بنے بیٹھے ہیں،اس میں دوٹریڈ یونینز ہیں ایک ایئر لیگ جبکہ دوسری پیپلزیونٹی ہے جس کو پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل ہے اس ادارے میں جو بھی ایکشن لیا جاتا تھا اسے یونین رکوا دیتی تھی، فن کو سرحدوں میں قید نہیں کیا جاسکتا۔سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی اے اے عابد رائو نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے دنیا کی بہترین ایئر لائن تھی لیکن جمہوری دور میں میرٹ کا جنازہ نکالا گیا جس سے اس کا بیڑہ غرق ہوا،پی آئی اے اوور کرائوڈڈ ہے اس کو پرائیویٹ کردیا جائے تو ٹھیک ہوجائے گی۔ادکارہ لیلی ٰ زبیری نے کہا کہ چیف جسٹس نے بھارتی چینلز کی بندش کے حوالے سے اچھا قدم اٹھایا کیونکہ بھارت ہماری ٹی وی چینلز کو اپنے ملک میں نہیں دکھاتا بلکہ ہمارے اداکاروں کو ویزے بھی نہیں دیئے جاتے ۔