لاہور(کرائم رپورٹر )شفیق آباد میں جوتوں کی فیکٹری میں گیس لیکج کے باعث 2 مزدور جاں بحق اور 8 بے ہوش ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور گیس کی بدبو سے خوفزدہ ہوکر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے ، ریسکیو ٹیموں نے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں اور علاقے کو کلیئر قرار دیدیا، بند روڈ میں شہزاد نامی شخص نے جوتے بنانے والی فیکٹری بنا رکھی تھی ، فیکٹری میں مزدور کام کررہے تھے کہ گیس سلینڈر میں گیس لیکج کے باعث موقع پر موجود 10 مزدوروں کی حالت غیر ہو گئی جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 28 سالہ صفدر اور 25 سالہ عمران جانبر نہ ہو سکے ، 8 مزدورں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے ، بعد ازاں پولیس نے فیکٹری مالک کو حراست میں لے لیا جس سے تفتیش کی جا رہی ہے ۔