لاہور(جنرل رپورٹر،92نیوزرپورٹ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے وزیر اعظم ملک کو درپیش دفاعی و معاشی چیلنجز پرپر پورا اتریں گے ،دشمن نے حملہ کیا تو ہماری قیادت اور فورسز نے منہ توڑ جواب اور ساتھ ساتھ امن کا پیغام بھی دیا۔ملک میں یکساں تعلیمی نظام لانے کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،پاکستان میں اس وقت 5 لاکھ سے زائد بچے ایلیٹ سکولوں میں پڑھتے ہیں،اس کے علاوہ اکثریت ایسی ہے جو سرکاری سکولوں اور مدرسوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں ،اس پر کام کررہے ہیں ،اس ناانصافی کو ختم کرنا ہے ، اگر نصاب مختلف ہونگے تو قوم ایک نہیں ہوسکتی ۔امیر بیگم ویلفیئر ٹرسٹ سپانسر اے سٹوڈنٹ پروگرام کے تحت مستحق طالبعلموں میں تعلیمی سکالرشپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہایہ تقریب روح پرور ہے ، روبینہ شاہین وٹو کا شکریہ جو معاشرے میں تعلیم ،صحت اور اجتماعی شادیوں کے لئے کام کررہی ہیں ۔ پاکستان میں لوگ اﷲ کی راہ میں بہت زیادہ خرچ کرتے ہیں مگرٹیکس دینے والوں کی شرح بہت کم ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے عوام کو حکومت پر اعتبار نہیں رہا ہے مہمان خصوصی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب سید صمصام علی شاہ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا منظور وٹو اور ان کے گھرانے سے ذاتی تعلق ہے ،سیاست اور معاشرتی میدان میں میاں صاحب سے بہت کچھ سیکھا، مسز روبینہ شاہین وٹو بہت سی خواتین کے لئے رول ماڈل ہیں ،امیر بیگم ٹرسٹ کا آغاز اوکاڑہ کے دیہات سے ہوا جو آج بہترین طریقے سے کام کررہا ہے ۔ صرف دو شعبوں تعلیم اور صحت پرخصوصی توجہ کی ضرورت ہے ،ایسا ہو تو یہ ملک واقعی نیا پاکستان بن جائیگا ، وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران 80 فیصد وقت تعلیم اور صحت کے مسائل پر گفتگو میں گزارا ، اگرتبدیلی کی بات کرتے ہیں تو انہیں تعلیم اور صحت کے میدان اوراپنے ملک ، صوبے اور لوگوں کی ترقی کے لئے کام کرنا ہو گا، اﷲ نے پاکستان کو ایک اعلی وزیراعظم دیا،ترقی کا سفرمسلسل ہے ، یہ چلتے رہنا چاہئے ۔ہمیں پاکستان اور پنجاب کو آگے لے کر جانا ہے ،یہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کا ویژن ہے ۔روبینہ شاہین وٹو نے کہا 7 ہزار ڈائیلاسز سالانہ کرا رہے ہیں،17 دیہات میں فلٹریشن پلانٹ لگائے ، ایک ہزار غریب بچیوں کی شادی کرائی، 100 طالبعلم تعلیم مکمل کر چکے ، 60 طالبعلموں کو 2019 میں سکالرشپ دینگے ۔