بنوں ، کوئٹہ (نمائندہ 92 نیوز، کرائم رپورٹر ) شمالی وزیرستان کی تحصیل سپین وام میں زنگی چیک پوسٹ کے قریب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار نائیک عمران اور سپاہی بشارت زخمی ہو گئے جنہیں ملٹری کمبائنڈ ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ۔ بلوچستان کے ضلع خاران میں بم دھماکا میں 8افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے ، نجی بینک کے قریب اس وقت بم دھماکا ہوا جب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی ، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ، زخمی ہونے والوں میں محمد اقبال، عبداﷲ ، کامران، نوراحمد ،شوکت ،اورنگزیب ، گل محمد اور حاجی خدائے نذر شامل ہیں ، پولیس اور ایف سی نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دریں اثنا کوئٹہ کے علاقے میں دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا،ترجمان ایف سی کے مطابق برآمد اسلحے میں 4 میزائل، 11 مارٹر بم، ایک آر پی جی سیون راکٹ، سینکڑوں راؤنڈزشامل ہیں۔