اسلام آباد،راولپنڈی، باجوڑ، وانا(خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ، نمائندگان ) سکیورٹی فورسزنے شمالی وزیرستان میں دوکامیاب آپریشنز میں 5دہشتگردوں کوہلاک کردیا جبکہ باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں تباہی کے بڑیمنصوبے ناکام بنادیے ۔آئی ایس پی آرکے مطابق شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پرآپریشنزکے دوران مارے جانے والے دہشتگردوں میں دو دہشتگردکمانڈرسیدرحیم اور سیف اللہ نوربھی شامل ہیں۔ تمام دہشتگردوں کاتعلق کالعدم ٹی ٹی سے تھا،سیدرحیم وانااورمیرعلی میں دو خودکش بم مراکز کا سرپرست تھا۔دہشتگردکمانڈرسیدرحیم 2007سے سکیورٹی فورسز کیخلاف 17دہشتگردکارروائیوں میں ملوث تھا۔ملک دشمن ایجنسیاں سیدرحیم کی پشت پناہ تھیں۔سیدرحیم کے پاس ٹارگٹ کلنگ،دہشتگردبھرتی کرنے کی دمہ داری تھی،دہشتگرد کمانڈر سید رحیم میرعلی کے 4عمائدین ،3انجینئرزکے قتل میں ملوث تھا۔ دہشتگرد سیف اللہ نور سکیورٹی فورسزپربارودی سرنگوں کے حملوں میں ملوث تھا۔ادھر باجوڑ میں سکیورٹی فورسز نے تخریب کاری کابڑا منصوبہ ناکام بنا تے ہوئے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ۔ سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند گاں مانڑو کے جنگل میں چھپایا گیا بارودی مواد اور اسلحہ خفیہ اطلاع پرقبضے میں لے لیا ۔ذرائع کے مطابق اسلحہ و گولہ بارود کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی ایما پر سکیورٹی فورسز اور سکیورٹی ایجنسیوں کیخلاف استعمال کرنا تھا جسے فورسز نے بروقت کارروائی کرکے تحویل میں لے لیا ۔ادھر سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کی تحصیل لدھا کے علاقے کوٹ لنگرخیل کے قبرستان میں چھپایا گیا اسلحہ بھی بر آمد کر لیا ۔اسلحہ فورسز کیخلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا ۔سکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ۔ علاقے میں نگرانی کا عمل مزید سخت کردیا گیا ۔