اسلام آباد،راولپنڈی(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقہ دوسلی میں سکیورٹی فورسز کے ایریا کلیئرنس آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجہ میں 2جوان ضیا اکرم اور مصور خان شہید ہوگئے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق شہیدسپاہی ضیا اکرم کی عمر 25 سال اور تعلق مظفر آباد سے تھا جبکہ شہید سپاہی مصور خان کی عمر 20 سال تھی اور تعلق باجوڑ سے تھا۔ پاک فوج نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بارودی سرنگ بچھانے میں ملوث دہشتگردوں کی تلاش شروع کی گئی۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور اس دوران فرار کی کوشش میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔ علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔