اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، لاہور (سپیشل رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ، سٹاف رپورٹر) شمالی وزیرستان میں د ہشتگردی اور اور ماڑہ میں جھڑپ کے دوران 6 فوجیوں سمیت 20 اہلکار شہید ہوگئے ، گوادر کی تحصیل اور ماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشتگردوں نے او جی ڈی سی کے قافلے پرحملہ کیا تو جھڑپ شروع ہوگئی جس میں 14 اہلکار شہید ہوگئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق اوجی ڈی سی ایل کے قافلے کو گوادر سے کراچی لے جایا جارہا تھا کہ اور ماڑہ کے قریب جھڑپ ہوگئی، فورسز نے دہشتگردوں کو موثر جواب دیا اور او جی ڈی سی ایل کے افراد کو محفوظ رکھا اور بحفاظت علاقے سے نکال لیا، جھڑپ کے دوران دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، جھڑپ میں ایف سی بلوچستان کے 7 اہلکار اور دیگر 7 سکیورٹی گارڈز نے جام شہاد ت نوش کرلیا۔ مکران کوسٹل ہائی وے حملہ میں وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں میں لیہ کے صوبیدار عابد حسین ، سبی کے نائیک محمد انور، ڈی جی خان کے لانس نائیک افتخار احمد، چکوال کے سپاہی محمد نوید، پشین کے لانس نائیک عبد اللطیف، میانوالی کے سپاہی محمد وارث، لکی مروت کے سپاہی عمران خان، لکی مروت کے حوالدار ریٹائرڈ سمندر خان، لکی مروت کے محمد فواد اللہ، ڈی آئی خان کے عطاء اللہ، ٹانک کے وارث خان، کوہاٹ کے عبد النافع، کوہاٹ کے شاکر اللہ اور بنوں کے عابد حسین شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کی معاشی ترقی ، استحکام اور امن کوسبوتاژ کرنے کیلئے کی گئی ایسی بزدلانہ کارروائی کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایسی کارروائیوں سے فورسز کے وطن کی حفاظت کے عزم کو توڑا نہیں جا سکتا۔ فورسز جانوں کی قربانی دیکر بھی اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی۔ سکیورٹی حکام کے مطابق حملے میں دہشتگردوں کی جانب سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیاگیا،چھوٹے اوربڑے ہتھیاروں کے استعمال سے سکیورٹی فورسزکی گاڑی مکمل طورپرتباہ ہوگئی،سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لے لیا،سکیورٹی فورسزکی جانب سے جوابی کارروائی بھی کی گئی لیکن حملہ آورفرارہونے میں کامیاب ہوگئے ،سکیورٹی فورسزنے مختلف علاقوں کی ناکہ بندی کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان نے کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردانہ واقعہ میں سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر رنج و دکھ کا اظہار کیا اور کہا دہشت پر مبنی ذہنیت کا خاتمہ قومی اتحاد سے ہی ممکن بنایا جا سکتا ہے ۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے گوادر کی تحصیل اور ماڑہ میں مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشتگردی کی شدید مذمت کی اور کہا یہ واقعہ دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائی ہے ، شرپسند عناصر کو ان کے عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اور ماڑہ حملے میں قافلے کی حفاظت پر مامور فرنٹیئر کور کی دو گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ، اعجاز شاہ کا اپنے ایک پیغام میں کہنا ہے کہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی اور انھیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ٹویٹ میں کہا کہ دشمن بلوچستان اور اس کے عوام کو ترقی کرتے نہیں دیکھ سکتا۔ گوادر انتظامی طور پر مکران ڈویژن کا حصہ ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے مکران کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی، حملے میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ، شہدا کی خدمات کو خراج تحسین اور بلندی درجات کی دعا کی ، وزیر اعظم عمران خان نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ دوسری طرف شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک افسر سمیت6 جوان شہید ہوگئے ، سرحدوں کی حفاظت پر مامور بہادر سپوتوں نے وطن پر جان قربانی کردی، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسزکے قافلے کو رزمک کے قریب دیسی ساختہ بارودی سرنگ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں 24 سالہ کیپٹن عمر فاروق بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ 37 سالہ نائب صوبیدار ریاض احمد، 44 سالہ نائب صوبیدار شکیل آزاد، 36 سالہ حوالدار یونس خان، 37 سالہ نائیک محمد ندیم اور 30 سالہ لانس نائیک عصمت اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فوجی قافلے پر بارودی سرنگ حملے کی شدید مذمت کی اور کہا سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بارودی سرنگ کے ذریعے حملہ دشمن کی بزدلانہ حرکت ہے ،پاکستان کا امن اور استحکام ملک دشمن عناصر کی آنکھ میں کھٹکتا ہے ، انہوں نے حملے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔صدر مملکت عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر ، بلاول بھٹو زرداری، شاہد خاقان عباسی، مولانا فضل الرحمن ، سراج الحق اور دیگر رہنماؤں نے دہشتگردوں کے حملوں کی شدید مذمت کی۔ سابق صدر آصف زرداری نے وزیرستان میں چھ فوجی جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھرتی ماں کے ان بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے ، بلاول بھٹو زرداری کی دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا پوری قوم ہر طرح کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ایک پیج پر ہے ۔ وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان اور گورنر خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فوجی قافلے پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ سینیٹر شبلی فراز نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور مکران کوسٹل ہائی وے پر او جی ڈی سی ایل قافلے پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سلامتی اور دفاع وطن پر جان نثار کرنے والے شہدا ہمارا فخر وغرور ہیں۔