بنوں/اسلام آباد/کراچی/لاہور(نمائندہ 92نیوز، خصوصی نیوز رپورٹر،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،کرائم رپورٹر ،سپیشل رپورٹر) شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ میں دو اہلکار شہید ہو گئے ، دوسری طرف مختلف شہروں میں آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں کے 16 دہشتگرد اور 24 مشتبہ افرادگرفتارکر لئے گئے ، ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی کے علاقہ کم سروبی میں رزمک روڈ پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوگیا،جس میں حوالدار عزیزالرحمن اور سپاہی محمد اجمل شہید ہو گئے ،سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ۔دریں اثنا عام انتخابات میں دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر پنجاب بھر میں آپریشنز میں تیزی آ گئی، آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت پنجاب رینجرز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں،سکیورٹی فورسز نے اٹک، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی ،فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور میں بھی خفیہ اطلاعات پر آپریشنزکئے ، ڈی جی خان اور لاہور میں کیے گئے آپریشنز میں 5 دہشتگرد اور ان کے سہولت کار اور 24 مشتبہ افراد غیر قانونی ہتھیاروں سمیت گرفتارکئے گئے ۔ لاہورپولیس نے لکھو ڈیر کے علاقہ میں سر چ آپریشن کیا اور صادق ولد حسن ، عمران ولد صغیر ،علی رضا ولد نصراﷲ، علی رضا ولد رحمت اور عظیم ولد احمدکو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 7رائفلز، 3پستول و دیگر اسلحہ اور مختلف اسلحہ کے 1605راؤنڈز برآمد کر لیے ۔کراچی میں کا ؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہو ئے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ دھماکہ خیزمواد چندے کی رسیدیں اور دیگر سامان برآمد کرلیا ۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے ۔گرفتار دہشتگرد انتخابات کو نقصان پہنچانا چاہتے تھے ،ملزموں کا گروپ 21دہشتگردوں پر مشتمل ہے ، مزید چھاپے جاری ہے ۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ نے بتایا کہ شاہ فیصل کالونی سے 2دہشت گردوں فہد اور ابوبکر، گودام کالونی مچھر کالونی سے دہشت گرد ابراہیم کو گرفتار کیا گیا جو کوئٹہ میں واقع ایک مدرسے کا منتظم ہے اورمدرسے کی آڑ میں دہشت گردوں کی بھرتی ،چمن کے راستے اسلحے اور بارودی مواد کی سمگلنگ کر تا تھا،جبکہ کورنگی 100کوارٹرز سے جواد کو گرفتار کیا جو متحدہ پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن پر حملے میں ملوث کالعدم تنظیم انصار الشریعہ کے مرکزی کمانڈر سروش صدیقی کا قریبی ساتھی ہے ۔انسداد دہشت گردی فورس نے ملتان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 4 دہشت گرد گرفتار کر لئے ۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں کو بائی پاس روڈ ملتان سے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا جن میں عبدالسلام، لیاقت، واجداﷲ اور محمد احمد شامل ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں کے قبضہ سے 5 دستی بم، اسلحہ اور اہم نقشہ جات برآمد کر کے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار دہشت گردوں نے شہر میں اہم سیاسی قائدین کو ہدف بنانے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے ، مزید تفتیش جاری ہے ۔