اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو ڈیجیٹلائزیشن کے عمل میں تیزی لانے کی ضرورت ہے ،پاکستان اور دنیا بھر میں آئی ٹی گریجویٹس کی بہت زیادہ مانگ ہے ، نان ریذیڈنٹ سیکٹر ہونیکی حیثیت سے آئی ٹی کا شعبہ خواتین کیلئے بھی وسیع مواقع پیدا کر سکتاہے اور خواتین گھر سے کام کرکے آمدنی کما سکتی ہیں۔ انٹرنیشنل ورچوئل کانفرنس آن ڈیجیٹلائزیشن اینڈ سائبر سکیورٹی سے خطاب کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے تعلیمی اداروں پر زور دیا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ملک کو ڈیجیٹائزیشن اور سائبر سکیورٹی کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے جس سے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں آئی ٹی گریجویٹس کی بہت زیادہ مانگ ہے اور نوجوان آبادی پر مشتمل ملک ہونیکی حیثیت سے پاکستان آئی ٹی گریجویٹس کی طلب پوری کر سکتا ہے ۔ کانفرنس سے وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق، سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی اور ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی کیساتھ پاکستان اور دنیا بھر کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی کے ماہرین نے بھی خطاب کیا۔