ملتان(جنرل رپورٹر)نادرا نے قومی شناختی کارڈ کے حصول یا اس میں ردّ و بدل کے سلسلہ میں نئی پالیسی جاری کرتے ہوئے غیر ضروری دستاویزات اور بعض شرائط ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، معلوم ہوا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت شناختی کارڈ میں بیوی کا نام درج کرانے کے لئے نکاح نامے کی شرط ختم کر دی گئی ، اب صرف مرد کے فنگر پرنٹس لے کر اس کی بیوی کا نیا شناختی کارڈ بنا دیا جائے گا۔ تاریخِ پیدائش کے اندراج کیلئے اب کمپیوٹرائزڈ برتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا لازمی نہیں رہا، اسی طرح شناختی کارڈ میں نام کی تبدیلی کیلئے 20روپے کا بیان حلفی کافی ہو گا، اس ضمن میں گریڈ 17کے آفیسر کی متعلقہ کاغذات کی تصدیق کے لئے شرط ختم کر دی گئی ، شناختی کارڈ کے کاغذات کی تصدیق ہر شناختی کارڈ ہولڈر اپنے کارڈ کے حوالے سے کر سکتا ہے ، اسی طرح تبدیلی نام کا اشتہار چھپوانے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ۔