لاہور (پ ر )شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال او ر ریسرچ سنٹر لاہور میں پہلی مرتبہ شروع کیاجانے والا سرجیکل ٹیکنیشن کورس کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے دس سرجیکل ٹیکنیشنزکو چیف ایگزیٹو آفیسر شوکت خانم ہسپتال ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈائریکٹر نرسنگ ڈویژن ریحانہ الٰہی کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی دئیے گئے ۔شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر میں عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف ٹریننگ کورسز کروائے جاتے ہیں جس سے نہ صرف ہسپتال کا میڈیکل سٹاف بلکہ دیگر اداروں سے آنے والے افراد بھی مستفید ہوتے ہیں۔ اسی سلسلے میں ہسپتال کے نرسنگ ڈویژن کی جانب سے گزشتہ برس پہلا سرجیکل ٹیکنیشن کورس متعارف کروایا گیا تھاجس کا مقصد تھیوری کے ساتھ عملی تعلیم و تربیت کے ذریعے ایسے با صلاحیت افراد تیار کرنا ہے جو آپریٹنگ روم میں سرجنز کے ساتھ زیادہ مہارت کے ساتھ کام کر سکیں۔ سرجیکل ٹیکنیشن ایک ایسا الائیڈ ہیلتھ پروفیشنل ہوتاہے جس کا بنیادی کام آپریشن کے دوران سرجنز کے ساتھ ایک سکرب اور سرکولیٹری پرسن کے طور پر کام کرنا ہو تاہے ۔