بورے والا،گگومنڈی ،شیخوپورہ ،کامونکے ، وہاڑی،محمدنگر(تحصیل رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹرز،نامہ نگاران )شوہر نے غیرت کے نام پر بیوی ،گھریلو ملازموں نے ملازمہ کو زیادتی کے بعدقتل کردیا،دیگر واقعات میں 3 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔ بورے والا کے گاؤں 98 (ای بی) کے ریاض احمد نے مبینہ طور پر اپنی بیوی کو گلا دبا کرقتل کر دیا اور اسکی موت کو ہارٹ اٹیک سے طبعی موت قرار دیکر اسکی تدفین کی تیاری شروع کر دی۔ قاتل کی بہنوں کی اطلاع پر پولیس نے ملزم ریاض کو گرفتار کیا تو پوچھ گچھ کے دوران اقرار جرم کر لیا ۔3 بچوں کی ماں مقتولہ خا لدہ بی بی نے پہلے خاوند سے طلاق لیکر ریاض سے تین سال قبل شادی کی تھی اور ریاض اسکے کردار پر شک کرتا تھا۔شیخوپورہ میں16سالہ گھریلو ملازمہ کو دوسرے ملازموں نے مبینہ طورپرزیادتی کے بعد زہردے کرہلاک کردیا ۔محنت کش عبدالرحمن کی 16 سالہ بہن زینب نشاط ٹاؤن کی رہائشی خاتون بشریٰ بی بی کے گھر کام کرتی تھی ۔ وقوعہ کے روز مقتولہ نے فون کرکے بتایا کہ مجھے فوری طور پر آکر گھر واپس لے جاؤ میں نے یہاں کام نہیں کرنا جب ہم اسے لینے گئے تو اس کے منہ سے جھاگ نکلی ہوئی تھی اور وہ مردہ حالت میں گھر کے بیرونی حصہ میں پڑی ہوئی تھی ۔ملزم علی جو خاتون بشریٰ بی بی کا ڈرائیور عمران جو ملازم ہے نے اسے زہر دیکر قتل کیا جبکہ خاتون بشریٰ بی بی کے مطابق لڑکی نے اپنے گھریلو حالات سے تنگ آکر زہر کھا کر خود کشی کی ہے ۔کامونکے محلہ بلال پارک کا رہائشی ستائیس سالہ نوید ولد گلزار رات گئے تک گھر واپس نہ آیا تو حویلی کا تالا توڑ کر دیکھا تو اندر نوید کو نامعلوم افراد نے کلہاڑیوں کے وار کرکے قتل کردیا تھا۔وہاڑی میں متروکا کے محنت کش ارشاد کو چند روزقبل مقامی افرادنے ذاتی رنجش پر اغوا کیااورنامعلوم مقام پرلیجاکربہیمانہ تشددکا نشانہ بنا یا اور مبینہ طورپرمٹی کھلاتے اورپیشاب پلاتے رہے ۔9دن تک موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد ارشادجاں بحق ہوگیا۔ پولیس ابھی تک صرف ایک نامزد ملزم کو گرفتارکرسکی ۔محمد نگر میں نواحی گاؤں165/EB میں معمولی تلخ کلامی پر انیس نے اینٹوں کے سر پر وارکرکے رشتہ دار سہیل کو قتل کردیا۔ پولیس نے ملزم انیس کو حراست میں لے لیا۔