شیخوپورہ( ڈسٹرکٹ رپورٹر )سابق رکن قومی اسمبلی اور بزرگ سینئر سیاستدان حاجی منور حسین منج مختصر علالت کے بعد 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ،مرحوم سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے ضلعی صدر خرم منور منج کے والد تھے ، ان کی نماز جنازہ منج ہاؤس میں پیر سید جمیل الرحمن چشتی کی امامت میں ادا کی گئی ، نماز جنازہ میں سابق و موجودہ ارکان قومی وصوبائی اسمبلی ،سابق وفاقی وصوبائی وزرا ،سابق سینیٹرز ، اعلیٰ سول، فوجی وعدلیہ کے حکام ،سابق بلدیاتی اداروں کے سربراہان،تاجروں،وکلا ،صحافیوں سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی ، آبائی گاؤں تتلے منجاں میں سپردخاک کردیا گیا ، رسم قل آج بعداز نماز عصر منج ہاؤس گوجرانوالہ روڈ شیخوپورہ میں ادا کی جائیگی، ، حاجی منور حسین منج 1985 ء میں پہلی مرتبہ پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ، 1988 ء اور 1990 ء میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا، کامیاب نہ ہوئے ، 1993 ء میں پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر ایم این اے منتخب ہوئے ، ایم این اے کے طور پر انہیں منشیات کے مقدمہ میں گرفتار بھی کیا گیا، 2008 میں حاجی منور ایم پی اے منتخب ہوئے ، وہ آخر تک ق لیگ سے وابستہ رہے ۔ شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی نے حاجی منور حسین منج کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ ان کے انتقال سے ضلع ایک جراتمند ،واضع دار اور کھرے سیاستدان سے محروم ہوگیا۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین ایم این اے ، سابق وفاقی وزیر چودھری محمد برجیس طاہر ایم این اے ،سابق وفاقی وزیر حاجی نعیم حسین چٹھہ ،سابق صوبائی وزراء رائے اعجاز احمد خاں ،ملک مشتاق احمد اعوان اور دیگرنے حاجی منور حسین منج کے انتقال پر ان کے بیٹے خرم منور منج سے اظہار تعزیت کیا۔