شیخوپورہ،قصور، سیالکوٹ، دیپالپور(ڈسٹرکٹ رپورٹرز، تحصیل رپورٹر) نارنگ منڈی میں کالاخطائی نارووال روڈ پر دھند کے باعث وین اور بس میں تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے ۔ دیگر حادثات میں بھی 4 افراد چل بسے ۔ تفصیلات کے مطابق نارووال سے لاہور آنے والی مسافر بس سامنے سے آنے والی مسافر وین سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں وین میں لگا ایل پی جی سلنڈر پھٹ گیا اور آگ لگ گئی،آگ اتنی شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے وین اور مسافر بس دونوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت13 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔30 سے زائد افراد زخمی ہو گئے جن کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ زخمی ہو نیوالوں میں نجمہ بی بی،اﷲ بخش ،افضل ،مریم بی بی،فاطمہ،منظور ،ریحانہ ،نواز،عابدہ،سہیل،صدیق اور 5سالہ خدیجہ شامل ہیں۔ متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ۔صوبائی وزیر میاں خالد محمود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ دھند اور ڈرائیور کی غفلت ولاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا، اس افسوسناک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے سات افراد خالق حقیقی سے جاملے ۔دوسری جانب قصور میں ٹو ل ٹیکس کو ٹ را دھا کشن کے نز دیک اچا نک چا در مو ٹر سا ئیکل میں پھنس جا نے سے طفیل اور شا کر گر کر زخمی ہو گئے ۔ قصور میں ہی حمید ٹا ؤ ن کو ٹ را دھا کشن کے نز دیک رکشے نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی،صائمہ موقع پر ہلاک جبکہ خاوند محمد حسین زخمی ہو گیا۔سیالکوٹ کے تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ اڈہ شیر پور میں پولیس نے ڈمپر کی ٹکر مار کر موٹر سائیکل پر سوار12سالہ عبدالرحمن کو جاں بحق جبکہ 3 بچوں کو زخمی کرنے والے ڈمپر ڈرائیور رئیس احمد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔سیالکوٹ کے ہی تھانہ سمبڑیال کے علاقہ جیٹھکی کے روڈ پر نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی نے محمد رفیق کو کچل دیا جسکے نتیجہ میں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ دیپالپور کے علاقے اڈہ صالحوال میں تیز رفتار موٹرسائیکل بے قابو ہر کر دیوار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں عثمان جاں بحق جبکہ دوسرا ساتھی شدید زخمی ہوگیا۔