لاہور (پ ر )مارفین اور ان جیسی درد کش ادویات کے حصول کے لیے پاکستان میں رائج قوانین کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ۔ انتہائی سخت قوانین کی وجہ یہ ادویات استعمال کرنے والے مریض شدید اذیت سے دوچار رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ہاسپس اینڈ پیلی ایٹو کئیر کے عالمی دن کے موقع پر شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر کے میڈیکل ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ ہاسپٹلسٹ اینڈ پیلی ایٹو میڈیسن فزیشن ڈاکٹر ہارون حفیظ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ہاسپس اینڈ پیلی ایٹو کیئرکا مقصد کینسر یااس جیسے خطرناک مرض میں مبتلا مریضوں کی زندگی کو زیادہ سے زیادہ درد اور تکلیف سے بچانا ہے ۔ ان مریضوں کو عام مریضوں کی نسبت زیادہ ذہنی و جسمانی نگہداشت اور سہارے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ڈاکٹر ہارو ن کا کہنا تھاکہ ہمارے ملک میں پیلی ایٹیو کیئر کے شعبے میں بہتری کے اقدامات کرنے کی سخت ضرورت ہے ۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں صرف شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں ایک مکمل پیلی ایٹیو کیئر ٹیم موجود ہے ۔ یہاں درد کم کرنے والی سپیشل ادویات بھی دستیاب ہیں جو مریضوں کی دیکھ بھال میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔