پشاور(خصوصی رپورٹ) شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال اور ریسرچ سنٹر پشاور نے قیام کے چار سال مکمل ہونے کے موقع پر PET سی ٹی سکین کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے ، روالپنڈی ،اسلام آباد ، خیبر پختونخوااور افغانستان سے تعلق رکھنے والے مریض مستفید ہوں گے ،ہر ماہ سو سے زائد مریضوں کوکینسر کی تشخیص کی سہولت فراہم کی جاسکے گی،قبل ازیں یہ سہولت شوکت خانم کینسر ہسپتال لاہور میں ہی میسر تھی، PET سی ٹی سکین کینسرکی درست سٹیج تشخیص کرنے میں کلیدی حیثیت رکھتاہے ۔کینسر کے تمام مریضوں کو علاج سے قبل اور دورانِ علاج ایک سے زائد مرتبہ اس سکینر کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔ اس سکین سے علاج کی درست سمت متعین کرنے میں مدد ملتی ہے ۔اس وقت پرائیوٹ سیکٹر میں یہ سب سے بڑا نیو کلئیر میڈیسن ڈپارٹمنٹ ہے جس میں لاہور اور پشاور میں دوPET سی ٹی سکین کام کر رہے ہیں جبکہ تیسر ا جدید ترین PET سی ٹی سکین بھی رواں برس شوکت خانم ہسپتال لاہور میں نصب ہو جائے گا۔ شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پشاور سے ہزاروں کی تعداد میں صوبہ خیبرپختونخوا ، فاٹااور اس سے ملحقہ علاقوں سے لے کر افغانستان تک کے کینسر کے مریض مستفید ہورہے ہیں یہاں بھی 75فیصدسے زائد مریضوں کا علاج بلا معاوضہ کیا جا رہا ہے ۔