شیخوپورہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پولیس نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے بااثر مالکان کی درخواست پر پھرتی دکھاتے ہوئے ڈیڑھ سالہ بچے پر کلاشنکوف سے مخالفین پر حملہ کرنے کا مقدمہ درج کر لیا، تھانہ فیکٹری ایریا پولیس شیخوپورہ نے 3 کمسن خطرناک ملزموں اور ان کے باپ کے خلاف مقدمہ درج کیا ، پولیس کی جانب سے دائر درخواست میں نامزد تینوں بھائیوں کی عمریں 15 برس سے بھی کم ہیں جن میں سب سے چھوٹے بچے کی عمر ڈیڑھ سال، پھر 9 اور بڑے بچے کی عمر 12 سال ہے ، پولیس نے شیر خوار ڈیڑھ سالہ حماد پر کلاشنکوف رکھنے ، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا ، 9 سالہ عمار پر پستول اور 12 سالہ عامر پر ڈنڈے سے حملہ آور ہونے کا الزام عائد کیا ، اس کے علاوہ پولیس نے بچوں کے باپ منظور گورایا پر بھی پستول رکھنے کا مقدمہ درج کیا ہے ، ڈیڑھ سالہ حماد پر کلاشنکوف رکھنے ، ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا الزام عائد کیا گیا ہے ۔متاثرہ فیملی نے بتایا کہ انہوں نے شیخوپورہ کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں پلاٹ خریدے تھے جہاں وہ کئی سال سے گھر بنا کر رہ بھی رہے ہیں لیکن سوسائٹی مالکان انہیں زمین کے کاغذات نہیں دے رہے ، وہ کاغذات مانگتے ہیں تو مقدمات میں الجھا دیا جاتا ہے ۔ متاثرہ فیملی نے بتایاکہ انہوں نے لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا لیکن پولیس اُلٹا اُن پر ہی جھوٹے مقدمات درج کر رہی ہے ،انصاف فراہم کیا جائے ۔تھانہ فیکٹری ایریاپولیس نے شرق پور روڈ پر واقع گارڈن ہائوسنگ سکیم پر حملہ کرنے کے الزام میں تین بچوں سمیت 15 نامزد اور 100 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا، بعد ازاں پولیس نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہونے پر تینوں بچوں پر سے مقدمہ خارج کردیا اور باقی سے تفتیش جاری ہے ، یہ مقدمہ ننکانہ کی ہاؤسنگ سکیم کے ایڈمن آفیسر محمد اشرف سیالوی کی رپورٹ پر درج کیا گیا جس میں کہا گیا 100 افراد نے دفتر میں داخل ہوکر توڑ پھوڑ کی تھی۔