لاہور،راولپنڈی،حبیب آبا د،ملتان،پشاور(جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے ، نما ئندہ92نیو ز،سپیشل رپورٹر،خبرنگار) ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے حملے جاری ہیں،مزید سینکڑوں افراد مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ ایک اور شخص موت کا شکار ہوگیا اور کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے ۔گزشتہ روزراولپنڈی کے بینظیر ہسپتال میں زیر علاج ڈینگی کا مریض محمد زاہد جاں بحق ہوگیاجبکہ رواں سال ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد چالیس ہو گئی۔پنجاب میں 24 گھنٹوں میں مزید 225 افراد ڈینگی بخار میں مبتلا ہوکر ہسپتالوں میں پہنچ گئے ۔ راولپنڈی سے 167،لاہورسے 10، اٹک سے 3, پاکپتن 1, ساہیوال سے 3،سرگودھا 13 ،شیخوپورہ سے 3 ,سیالکوٹ سے 2 ,بھکر سے 1 ,لیہ سے 6 اور مظفر گڑھ سے ایک،، گوجرانوالہ سے 3,، گجرات سے 1 ،خانیوال سے 1، ناروال سے 1 ،بہاولنگر سے 2 ,فیصل آباد سے 1 ,ٹوبہ ٹیک سنگھ چینوٹ سے ایک ، ملتان سے 6اورمنڈی بہائوالدین سے 2ڈینگی کے نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔پنجاب میں رواں برس ڈینگی مریضوں کی تعداد 5446 ہوگئی،صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 5 کی حالت نازک ہے ۔گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی پر 133کمرشل مقامات کیخلاف مقدمات درج ہوئے اور31افراد کوگرفتار کیا گیا۔راولپنڈی میں ڈینگی بخار ہونے کے باوجود الائیڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو داخل نہیں کیا جارہا ، داخلے کا طریقہ کار پلیٹ لیٹس پر رکھا گیا ہے ، اس دوران مریض اور انکے لواحقین ہسپتال میں دھکے کھاتے ہیں جبکہ پلیٹ لیٹس کے ٹیسٹ لئے مریض کو 6گھنٹے انتظار کرنا پڑتا ہے 80،ہزار سے کم پلیٹ لیٹس آنے والے مریضوں کو ہسپتال میں بیڈ فراہم کیا جاتا ہے ۔محکمہ صحت کی تمام تر کوششوں اور دعووں کے باوجود شہر میں ڈینگی مچھر کے وار جاری ہیں۔لاہور میں ڈی سی اصغر جوئیہ نے مزنگ ہسپتال کا دورہ کرکے ڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا اورمریضوں کیلئے سہولیات اور انتظامات کاجائزہ لیا۔علاوہ ازیں ڈی سی لاہورکی زیر صدارت اجلاس میں ایم پی اے ام البنو علی، شمسہ علی، راشدہ خانم اور امین ذوالقرنین نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈی سی نے کہا کہ عوامی نمائندے ڈینگی سرویلنس کو اپنی نگرانی میں یقینی بنا رہے ہیں۔ ادھر پتوکی میں لیڈی ہیلتھ ورکر شازیہ ذکریا اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈینگی سروے کے سلسلہ میں محلہ احمد نگر گئیں تو ملزم خالد محمود نے گالیاں دینا شروع کر دیں۔مشتعل ملزم نے لیڈی ہیلتھ ورکر پر حملہ کیا،سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں،سروے شیٹ پھاڑ دی اوردروازہ بند کرکے ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ واقعہ کی اطلاع پر محکمہ صحت کے افسرموقع پر پہنچ گئے اور ٹیم کی جان چھڑائی جبکہ محکمہ صحت کی ڈینگی سروے پر مامور ٹیم نے ہڑتال کر دی ۔اسسٹنٹ کمشنر پتوکی اور دیگر حکام بھی موقع پر پہنچ گئے جبکہ تھانہ سٹی پولیس نے لیڈی ہیلتھ ورکر شازیہ کی تحریری درخواست پر مقدمہ درج کرکے ملزم خالد محمود کو گرفتار کر لیا ۔ادھر خیبر پختونخوا میں مزید 55افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔