صادق آباد(نامہ نگار) پاکستان کے لیجنڈ اداکار شفقت چیمہ نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، فلم انڈسڑی بحران کا شکار ہے نہ زوال کا،انسان کی اپنی نیت پر منحصر ہے کہ وہ خود کو کس رنگ میں ڈھالتا ہے ، سلطان راہی کے بعد ابھی تک کوئی بڑا ایکٹر پیدا نہیں ہو سکا، فلم انڈسڑی ڈائریکٹر ،رائٹر کی ترقی کا دارومدار میڈیا پر منحصر ہے ،میڈیا کے شاندار اقدامات سے ہی پاکستان فلم انڈسڑی ترقی پذیر ہورہی ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کلب صادق آبا دمیں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ یقینا نہیں آرہاہے کہ کل تک فلم انڈسڑی اور سٹوڈیو کے باہر پانچ پانچ گھنٹے تک انتظار کرنے والا اتنا بڑا ایکٹر یا پھر سپرسٹار بن جائے گا ، یہ سب میرے والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے ۔جب انڈسڑی میں قدم رکھا تو مجھے بھی ہیرو بننے کا شوق تھا ،نامور ڈائریکٹر پرویز رانا،شاہد رانا،نذر السلام مرحوم ،یونس ملک،مسعود بٹ کی فلموں میں بطور وِلن کاسٹ کیا گیا ۔میری زندگی کی بہترین فلموں میں چوڑیاں،مہندی والے ہتھ،دیساں دا راجا ،ہوائیں ،منڈا بگڑا جائے ،گجر دا ویر،وحشی جٹ،جوانی مستانی جیسی فلمیں آج بھی میرے دل پر نقوش ہیں۔