برسٹل (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی شکستوں کا سلسلہ وارم اپ میچ میں بھی نہ تھم سکا۔ آئی سی سی ورلڈکپ 2019 کے وارم اپ میچ میں افغانستان نے پاکستان کو 3وکٹوں سے شکست دے دی ۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 263رنز کا ہدف دیا جسے افغانستان نے 7وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں مکمل کیا ۔تفصیل کے مطابق برسٹل میں کھیلے جا رہے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کافیصلہ کیا ۔امام 32 رنز بناکر حامد حسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔فخر زمان نے 19 رنز بنائے جبکہ حارث سہیل صرف رن بناکر محمد بنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ محمد حفیظ بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ایک موقع پاکستان کی چار وکٹیں صرف 100 رنز پر گرگئی تھیں تاہم اس موقع پر بابر اعظم اور شعیب ملک نے اننگز کو سنبھالا۔ بابر اعظم نے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔شعیب ملک اور بابر اعظم کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم ایک مرتبہ پھر پاکستان کا لیٹ مڈل آرڈر اختتامی اوورز میں تیزی سے رنز بنانے میں ناکام رہا۔پاکستانی ٹیم اختتامی 12 اوورز میں 60 رنز بھی بنانے میں ناکام رہی۔ سرفراز احمد نے 13، حسن علی 6، شاداب خان ایک جبکہ وہاب ریاض نے بھی ایک رن بنایا۔عماد وسیم نے 23 گیندوں پر 18 رنز کی سست رفتار اننگز کھیلی۔افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے تین، دولت زادران نے دو، راشد خان نے دو جبکہ آفتاب عالم اور حامد حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔جواب میں افغانستان کی جانب سے محمد شہزاد 23سکور کر کے ریٹائرہرٹ ہو گئے ۔رحمت شاہ 32،سمیع اﷲ شنواری 22،اصغر افغان 7سکور بنا کر آوٹ ہوئے ۔وہاب ریاض نے 3 اور عماد وسیم نے 2 وکٹیں حاصل کیں ،شاداب خان اور محمد حسنین نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی جبکہ محمد عامر وکٹ لینے میں ناکام رہے ۔ حشمت اﷲ 74 سکور کرکے ناقابل شکست رہے ،نبی 34، گلبدین 2، نجیب اﷲ1 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ راشد خان 5رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔ افغانستان کی جیت میں اہم کردار ادا کرنیوالے حشمت اﷲ 74سکور بنا کر ناقابل شکست رہے۔