ادارہ شماریات کی ایک رپورٹ کے مطابق قومی سطح پر نوجوانوں میں خواندگی کی شرح بدستور 72 فیصد ہے۔ شہری علاقوں میں نوجوانوں میں خواندگی کی شرح 84 فیصد اور دیہی علاقوں میں 65 فیصد ہے۔ خواندگی سروے کی رپورٹ دیکھ کر یہ تاثر ملتا ہے کہ جیسے یہ سروے چند مخصوص من پسند چھوٹے شہروں میں کیا گیا ہے جبکہ لاہور جیسے بڑے شہر کا ذکرتک موجود نہیں ہے حالانکہ اگر تعلیم کا تناسب دیکھا جائے تو صوبائی دارالحکومت میں تعلیم کا معیار اور تناسب سبھی شہروں سے بہتر ہے۔ بہرحال سروے کے مطابق خواندگی کا تناسب مایوس کن ہے اس سلسلے میں حکومت پاکستان خصوصاً شعبہ تعلیم کے کرتا دھرتائوں کو اس جانب دیکھنا ہو گا۔ صوبہ پنجاب میں 78 فیصد نوجوان خواندہ ہیں۔ کے پی کے میں 67 جبکہ بلوچستان میں یہ شرح 57 فیصد ہے جو مایوس کن ہے۔ کئی شہروں میں تو خواندگی کا تناسب 11 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ تعلیمی پالیسی میں یوں تو کئی نقائص موجود ہیں جو بڑے شہروں کو متاثر کر رہے ہیں لیکن آبادی کے تناسب سے مطلوبہ انتظامات نہ ہونا لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں تعلیمی مواقع میں کمی کا باعث بن رہا ہے۔