فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) حکومت پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بنائی گئی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے لئے الاٹ شدہ اراضی کو ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘‘ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلہ میں پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی سے دستیاب اراضی کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں حکومت پنجاب نے صوبہ کے تمام محکموں سے مل کر ’’لینڈ بنک‘‘ بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جس میں تمام خالی اراضی کی شناخت کی جاسکے گی۔ سال 2010ء میں بننے والی پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی سات سال کے عرصہ میں فیصل آباد سمیت تین شہروں میں 1985 گھر ہی تعمیر کے مرحلہ میں لاسکی۔ ان میں آشیانہ قائد لاہور میں 1754 گھر، آشیانہ قائد فیصل آباد میں 106 اور آشیانہ ساہیوال میں 125 گھر بنائے گئے جو تاحال ابھی تعمیراتی مرحلہ میں ہیں۔ اس کے علاوہ لاہور میں آشیانہ اقبال کے نام سے بنائی گئی اسکیم میں کوئی گھر تعمیر نہیں ہوا۔ اب یہ تمام معاملہ عدالت میں ہے تاہم حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کے لئے مختص اراضی کو اب ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘‘ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پنجاب میں ابتدائی طو رپر سات اضلاع میں بنائی جانے والی ہاؤسنگ اسکیم میں وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کرے گی۔