راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس کی سنگین صورتحال پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کوتبدیل اورشہرکے 5سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ انسداد ڈینگی مہم میں کسی بھی غفلت،لا پرواہی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔گزشتہ روزوفاقی وزیرشیخ رشیدنے ہولی فیملی ہسپتال میں ڈینگی وارڈ کامعائنہ کیا۔شیخ رشید نے زیر علاج مریضوں سے سہولیات سے متعلق استفسار کیا۔وفاقی وزیرنے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے متاثرہ مریضوں کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑیں ۔ شیخ رشیدنے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے اقدامات موثر نہ ہونے سے اس سال ڈینگی کا شدید ترین حملہ ہوا ، جس کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب سے خصوصی ملاقات کے لئے لاہور جارہا ہوں۔وفاقی وزیرشیخ رشیدکے ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے دوران ڈینگی کے ستائے شہریوں نے احتجاج شروع کردیا، مظاہرین نے الزام لگاگیا کہ احتجاج کرنے پر شیخ رشید کے گارڈز نے تشدد کیا۔مریضوں کے لواحقین حکومت کے خلاف نعرہ بازی کرتے رہے جس پرشیخ رشید میڈیا ٹاک ادھوری چھوڑ کر چلتے بنے ۔ لاہور(جنرل رپورٹر،اپنے سٹاف رپورٹر سے ،اپنے رپورٹر سے ، خبر نگار خصوصی، نمائندگان) پنجاب، خیبرپختونخوا اوراسلام آباد میں ڈینگی مچھر کے حملے جاری ہیں جن کے نتیجہ میں مزید457افراد ڈینگی کے مرض کا شکار ہوگئے ہیں۔گزشتہ روزلاہور میں4،راولپنڈی میں 121، اسلام آباد میں 173 ، جھنگ میں 4، ڈسکہ میں4،فیصل آباد میں 3، لیہ،گجرات،وہاڑی میں2،2 ، قصور، خانیوال، منڈی بہاوالدین، نارووال، شیخوپورہ، میں ایک ایک جبکہ خیبر پختونخوا میں 134نئے ڈنگی کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ۔ پنجاب میں رواں برس ڈینگی مریضوں کی تعداد 2012 ہوگئی ۔خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس سے متاثرین کی تعداد 2ہزار سے تجاوز کرگئی۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر زہسپتال کلر سیداں کا ڈاکٹرجاذب بھی ڈینگی بخارمیں مبتلاہوگیا جس کو فوری طور پر راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور نے ہفتہ انسداد ڈینگی مہم کے چوتھے روز بھی ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلینس کو جاری رکھا اور یوینورسٹی ،لیبارٹی،انڈسٹری اور دیگر مقامات سے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر سیل کرنے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کر ا دیا۔ادھرپشاورہائیکورٹ کے جسٹس قیصررشید اور جسٹس نعیم انورپرمشتمل دورکنی بنچ نے ڈینگی مریضوں کیلئے تمام ہسپتالوں میں خصوصی وارڈقائم کرنے ،محکمہ صحت کوہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے اور ڈینگی کی غلط تشخیص کرنے پر لیبارٹریوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیدیا۔علاوہ ازیں ملک میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی صورتحال سے میڈیا کو اگاہ کرتے ہوئے ڈاکٹر رانا محمد صفدر چیف فیلڈ ایپیڈیمالوجی قومی ادارہ صحت نے کہا کہ رواں سال 8 ہزار 388 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ، ابھی تک 16 افراد ڈینگی سے ہلاک ہو چکے ہیں ۔ڈینگی سے بچائو کیلئے قومی ادارہ صحت نے ایمرجنسی سنٹر قائم کیا ہے ۔ ڈینگی کے پھیلاو پر 23 مئی کو صوبائی حکومتوں کو ایڈوائزی جاری کر دی گئی تھی۔