شیخ رشید احمد وفاقی وزیرِ ریلوے ہیں۔ مجرد زندگی بسر کرتے ہیں ،شاید اسی طرزِ زندگی میں خوشی اور سہولت محسوس کرتے ہیں۔ پاکستانی میڈیا کی محبوب شخصیت ہیں۔ حالیہ عام انتخابات میں ایک حلقے سے جیت کر پارلیمنٹ میں پہنچے ہیں۔ گذشتہ دِنوں مبینہ طور پر انہوں نے ایک خاتون کو دھکا دیا ہے۔ پاکستانی میڈیااور راولپنڈی کے عوام کی محبوب شخصیت نے کہا کہ’’ اِنہوں نے کسی خاتون کے ساتھ بدسلوکی نہیں کی۔بلکہ ایک خاتون ان کے گلے پڑگئی تھی۔ وہ خاتون مجھ سے زیادہ پیسے مانگ رہی تھی،مَیں پانچ سو یا ایک ہزار تو دے سکتا ہوں، اس سے زیادہ نہیں‘‘ اس دوران بتایا گیا کہ وفاقی وزیرِ ریلوے نے ایک رپورٹر کا سیل فون بھی توڑ دیا۔ جب بعدازاں اُس خاتون سے پوچھا گیا ’’ بی بی !تم وزیر صاحب کے گلے کیوں پڑ گئی تھی؟‘‘ وہ تھوڑی دیر تو چُپ رہی پھر بولی’’ مَیں گلے نہیں پائوں پڑی تھی‘‘