لاہور ،ملتان،راولپنڈی( کر ا ئم ر پو ر ٹر ،جنرل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک )ضابطہ اخلاق کی پامالی پر 5مزید امیدواروں کو نوٹس دئیے گئے 11 کی پیشی ہوئی ہے جبکہ شیخ رشید کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق انتخابی جلسے میں آتش بازی کے الزام میں شیخ رشید احمد کیخلاف مقدمہ تھانہ سٹی راولپنڈی میں درج کیا گیاہے ۔ ڈپٹی کمشنر ملتان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ملک عامر ڈوگر، شوکت بوسن ، علی موسیٰ گیلانی سمیت 5سے زائد امیدواروں کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کئے ۔ علاوہ ازیں اویس لغاری ، زرتاج گل وزیر ، دوست کھوسہ ، علی رضا قادری ،پروین اختر ،ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ ، شیخ اسرار احمد ، عثمان فاروق ، عبدالعلیم شاہ ، مشتاق خان ، احسان اﷲ لاشاری ، منیر حسین شاہ و دیگر بغیر اجازت فلیکسز لگانے کے الزامات کے تحت ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش ہوئے اور وضاحت پیش کی جبکہ لاہور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 146مقدمات درج کئے گئے اورمقدمات میں 194ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ۔لاہور پولیس نے گذشتہ 20روز کے دوران کارروائی کے اعدادوشمار جاری کر دیئے ۔مقدمات ن لیگ این، پی ٹی آئی ، پی پی پی ،تحریک لبیک یا رسول اﷲ اور آل پاکستان مسلم لیگ کے رہنمائوں اور کارکنان کے خلاف درج کئے گئے ۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزادا کبرنے کہا کہ پولیس الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائیاں کر رہی ہے جس کا بنیادی مقصد شہر میں امن و امان کی فضا ء کو برقرار رکھنا ، ووٹر کو پر امن ماحول دینا اور قانون کی بالا دستی قائم کرنا ہے ۔