لاہور، ملتان (نیوزر رپورٹر، سپیشل رپورٹر) شیخ رشید کے دور اقتدار میں اب تک مال بردار اور مسافر ٹرینوں کے پٹریوں سے اترنے ،ان مینڈ اور مینڈ لیول کراسنگ سمیت ٹرین میں آگ لگنے کے 90سے زائد حادثات ہوچکے ، درجنوں افراد جاں بحق ہوگئے ، 31 اکتوبر کو تیز گام سانحہ سب سے بڑا حادثہ تھا، سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی وزرات کے دوران ٹرینوں کے چھوٹے بڑے ان مینڈ،مینڈ لیول کراسنگ،ٹرینوں کے پٹریوں سے اترنے اور آگ لگنے کے 530حادثے ہوئے جس میں 14بڑے ٹرین حادثات بھی شامل ہیں ، چار دفعہ ٹرین کی پاور وین اور بوگیوں میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہو چکے ، 28 مسافر ٹرینیں اور 35 مال گاڑیاں پٹری سے اترنے کے حادثات کا شکار ہوئیں ، انجن فیل ہونا بھی معمول بن گیا، سب سے زیادہ جون میں 20 حادثات ہوئے ، شیخ رشید کے عہدہ سنبھالنے کے بعد اب تک 9 بڑے ریلوے کے حادثات و واقعات پیش آئے ، درجنوں افراد جاں بحق ہوئے اور اور کروڑوں کا نقصان ہوا ۔ شیخ رشید احمد کے اگست 2018 سے وزیر ریلوے کا عہدہ سنبھالنے کے بعد 31 اکتوبر 2019 کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس میں ضلع رحیم یار خان کے قریب گیس سلنڈر پھٹنے سے 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ۔ اس سے قبل 11 جولائی کو پنجاب کے علاقے صادق آباد میں ایک ٹرین حادثہ پیش آیا تھا، ولہار اسٹیشن پر اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی آپس میں ٹکرا گئیں تھیں جس کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق اور 90 زخمی ہوگئے تھے ، 20 جون 2019 کو صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں جناح ایکسپریس ٹریک پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکراگئی تھی ، ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ جاں بحق ہوگئے تھے ۔17 مئی کو سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز کے علاقے پڈعین کے قریب لاہور سے کراچی آنے والی مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا ، محکمے کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا تھا ، اپریل میں رحیم یار خان میں مال بردار ریل گاڑی حادثے کا شکار ہوئی اور اس کی 2 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔24 دسمبر 2018 کو ہونے والے حادثے میں فیصل آباد میں شالیمار ایکسپریس کو پیچھے سے آنے والی ملت ایکسپریس نے ٹکر ماردی تھی، ایک مسافر جاں بحق ہوا 27، ستمبر 2018 کو دادو میں سن کے قریب ٹرین کی 11 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، 5 مسافر زخمی ہوئے ۔ 19ستمبر کو کھاریا ں کے مقام پر ٹرین ان مینڈ لیول کراسنگ پر کار سے ٹکر ا گئی ، 3 افراد ہلاک ہوگئے ، 16ستمبر کو پشاور ڈویژن میں خوشحال خان خٹک ٹرین کی 7بوگیاں پٹری سے اتر ی گئیں ، 22مسافر زخمی ہوئے ۔ رواں سال اب تک مجموعی طور پر 62 حادثات رونما ہو چکے ہیں ، رواں سال ٹرینوں میں آتشزدگی کے چھوٹے بڑے 9 واقعات رپورٹ ہوئے جس میں جون 2019 میں ہڑپہ اسٹیشن پر وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کی متعدد بوگیوں میں لگنے والی آتشزدگی بھی شامل ہے ، 4 ڈائننگ کار کے آتشزدگی کے واقعات بھی انہی 9 واقعات میں شامل ہیں ، رواں برس آتشزدگی کا سب سے بڑا حادثہ 31 اکتوبر کو تیز گام میں ہوا، ریلوے ذرائع کے مطابق رواں سال ٹرین حادثات کی مجموعی طور پر 80 انکوائریاں کی گئیں ، جس کی رپورٹس کی روشنی میں 18 ملازمین کو مختلف نوعیت کی سزائیں دی گئیں جبکہ 37 مقدمات کا اندراج بھی کرایا گیا ۔