شیخوپورہ(عظیم احمد یزدانی سے ) ضلع شیخوپورہ میں ابھی تک کرونا وائرس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ضلع میں کل 7 ائسو لیشن وارڈ قائم کیے گئے ہیں جن میں ایک بھی کوئی ایسا مریض داخل نہیں۔جس کو کرونا وائرس ہو اور نہ ہی مشتبہ شخص ہے ، اب تک مختلف ممالک سے پاکستان واپس آنے والے شیخوپورہ کے 750 افراد کی سکریننگ کی گئی، جن میں کرونا وائرس کی کوئی علامات نہیں پائی گئی۔ڈی سی شیخوپورہ کے ترجمان جاوید چوہان نے روز نامہ 92 نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ نے صوبائی حکومت کی ہدایت پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کے لئے فوج اور پولیس الرٹ ہے ۔ڈی سی اور ڈی پی او آفس میں خصوصی کنڑول روم بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں سے روزانہ صوبائی حکومت کو رپورٹس بھجوائی جا رہی ہیں، ابھی تک رات 8 بجے تک دکانیں بند کرنے کا کوئی حکم نہیں ملا، تاہم پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اور اب تک ضلع بھر میں150 کے قریب دکان داروں کے خلاف کارروائی کی جا چکی ، ڈبل سواری کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے ، ضلع بھر کی ناکہ بندی کر رکھی ہے ، لوگوں کو گھروں میں رکھنے کے لئے بھی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ، صورتحال تسلی بخش ہے ۔