لاہور(بابر علی)پنجاب آب پاک اتھارٹی نے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لئے طویل پلاننگ شروع کر دی ہے ۔ پلان 2040ئکی تیاری کے لئے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے پری کوالیفائی کی گئی نجی فرمز سے تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب آب اتھارٹی نے عملی اقدامات کا آغاز کرنے کی مد میں سفارشات کی تیاری کے لئے 18نجی فرمز کو پری کوالیفائی کر لیا ہے ، کنسلٹنسی کے حصول کے پیش نظر نجی فرمز سے صاف پانی کے منصوبوں کے تفصیلی ڈیزائن اور نگرانی کی تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔ اس حوالے سے 9جولائی کو واسا لاہور کے ہیڈآفس میں پری پرپوزل اجلاس بھی ہو گا جبکہ حتمی تجاویز 20جولائی تک مانگی گئی ہیں، جس کی بنیاد پر کنسلٹنٹ کا باقاعدہ انتخاب ہو گا۔ ابتدائی منصوبہ بندی کے مطابق اتھارٹی کی جانب سے 2040تک ای پی سی موڈ(انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن موڈ) پر عمل کرتے ہوئے صوبہ بھر کے شہریوں کو پینے کے صاف اور محفوظ پانی کی فراہمی کے لئے بوتل واٹر پلانٹ، یو ایف پلانٹ، آر او پلانٹ، سولر پاور فلٹریشن پلانٹ، ریپڈ سینڈ فلٹریشن پلانٹ،ڈائریکٹ واٹر سپلائی، ہینڈ پمپ، مرکز آب اور سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر کیے جائیں گے ۔ 2040ئتک صاف پانی کی فراہمی کا پلان تیار کرنے کے لئے نجی انجینئرنگ فرم کی خدما ت حاصل کر نے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔