مکرمی! میں آپ کے موقر اخبار کی وساطت سے حکام کی توجہ صوبائی دارلحکومت لاہور میں ناقص صفائی کی صورت حال کی جانب دلانا چاہتا ہوں۔ ہمارے علاقہ بلاک (جی ) جوہرٹاؤن میں کئی ماہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیرپڑے ہوئے ہیں جن کے حجم میں روزبروز اضافہ ہوتا جارہاہے۔گندگی کے ان ڈھیرمیں موجود گلی سڑی اورتلف شدہ اشیاء کے باعث تعفن پھیلتا جارہا ہے۔بعض اوقات بچے اس ڈھیرمیں آگ بھڑکا دیتے ہیں جس کی وجہ سے دھوئیں کی کثافت سے آس پاس کے مکینوں کیلئے سانس لینا دشوارہوجاتا ہے۔ ایک عرصے سے گلیوں میں صفائی کا عمل بھی تعطّل کا شکارہے۔میری ارباب ِ اختیارسے گزارش ہے کہ گندگی کے ڈھیروں کومروجہ طریقہ کے مطابق فوری طورپرتلف کرایا جائے اور روزانہ کی بنیادپرگلیوں کی صفائی کا بندوبست کیا جائے۔ (اظفرصدیقی‘ جوہر ٹائون لاہور)