ملتان ( خبرنگار) پیر طریقت، رہبر شریعت مولانا حامد علی خان کے جانشین،سجادہ نشین خانقاہ حامدیہ و مہتمم جامعہ اسلامیہ خیر المعادصاحبزادہ قاری احمد میاں نقشبندی گزشتہ روز انتقال کر گئے ، مرحوم گزشتہ کئی روز سے نشتر ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیرعلاج تھے ۔انکی وفات کی خبر سن کر شہر بھر میں سوگ کی کیفیت طاری ہوگئی، اندرون شہر کے تاجروں نے دکانیں بند کردیں۔خانقاہ حامدیہ اور رہائشگاہ پر عقیدت مندوں اور مریدین کا جمع غفیر جمع ہوگیا۔اس موقع پر رقت انگیر مناظر دیکھنے میں آئے ،لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔صاحبزادہ قاری احمد میاں خان نقشبندی کی نماز جنازہ آج بروز سوموار صبح 10 بجے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے سٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔